طلبہ یونین اور بلدیاتی انتخابات تحریرشفقت ضیاء اسلامی جمہوریہ پاکستان بدقسمتی سے 72 سالوں میں نہ اسلامی بن سکا اور نہ ہی جمہوری،ملک میں سب سے زیادہ عرصہ ڈکٹیٹروں کی حکومت رہی جس کے اثرات سیاسی جماعتوں پر بھی پڑے،کسی بھی بڑی سیاسی جماعت میں جمہوریت نہیں ہے موروثیت اور سرمایہ داری کا راج ہے چند خاندانوں اور کرپٹ لوگوں کے ہاتھوں میں سیاست آگئی ہے اسلامی نظام اور حقیقی جموریت کے خلاف ان سب کا اتحاد ہے نظریاتی سیاست ختم ہوچکی ہے ملک کا باصلاحیت پڑھا لکھا طبقہ اب سیاست سے دور ہوتاجارہا ہے سرمائے کی دوڑ لگی ہوئی ہے جس کے لیے ناجائز طریقہ سے دولت جمع کرنے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا جارہا ہے یہی وجہ ہے کہ ملک کی تینوں بڑی جماعتوں پر کرپشن کے الزامات ہیں یہ وہی لوگ ہیں جو کھبی ڈکٹیٹر کے ساتھ ہوتے ہیں اور کبھی جمہوری حکومتوں کے ساتھ نظر آتے ہیں۔ان کی قابلیت خاندان،برادری اور سرمایہ ہے جس کے زور میں یہ لوٹے کامیاب ہوجاتے ہیں۔جب نظریاتی،سیاست ختم ہوجاتی ہے اور پارٹیوں کے اندر بھی جموریت نہیں رہتی تو نتیجہ ایسا ہی نکلتا ہے۔ جمہوریت کی نرسری طلبہ یونین پر ڈکٹیٹر کے دور میں پاپندیاں لگائی گئی ایوب خان جیسے ڈکٹیٹر کے خلاف تحریک میں طلبہ کا اہم کردار تھا جس نے دوسال کے اندر استعفیٰ دینے مجبور کردیا تھا یہی وجہ تھی کہ ڈکٹیٹر جنرل ضیاء نے خوف محسوس کرتے ہوئے طلبہ یونین پر پاپندی لگا دی کہ کوئی منظم تحریک نہ چل سکے اس کا نقصان یہ ہوا کہ سیاسی قیادت پیراشوٹ کے ذریعے آنا شروع ہوگئی جو لوگ نرسری سے تیار ہوکر آتے تھے ان کی جگہ سرمائے نے لے لی جس کی وجہ سے کرپشن نے راستے بنا دیے طلبہ یونین کی یہ پاپندی ڈکٹیٹرکے دور میں تو سمجھ آتی ہے لیکن ملک کی دوبڑی سیاسی جماعتوں کے دور میں کیوں رہی؟ اعلانات کے باوجود پیپلزپارٹی نے اپنے دور میں اسے بحال کیوں نہیں کیا؟مسلم لیگ ن تو کبھی اس کی حامی نظر نہیں آئی بلکہ غیر محسوس انداز میں اس کے خلاف رہی ہے جبکہ تحریک انصاف کو ابھی پندرہ ماہ ہوئے ہیں اس کا تو کوئی قصور نہیں ہے تقریباً 35 سال سے اس پر پاپندی کے باوجود جمہوری حکومتوں کے دور میں بھی طلبہ یونین کی پاپندی کے خلاف کوئی بھر پورآواز نہ بلند ہوسکی،جوآواز بلند بھی ہوئی اس کو میڈیا نے کوئی لفٹ نہ کرائی،شاید وہ رنگ پسند نہیں تھایا رنگین نہیں تھی اچانک یہ سرخ سرخ سڑکوں پر کہاں سے آئے اور کون لایا؟طلبہ یکجہتی مارچ جو طلبہ یونین کی بحالی کے نام پر تھا اس میں اداروں کے خلاف نعرے کیسے جمہوری تھے؟طلبہ یونین کی بحالی کے نام پر غیر جمہوری اور غیر مناسب زبان استعمال کرنے پر حکومت حرکت میں آئی تو بلاول بھٹو اور احسن اقبال کو کیوں تکلیف ہوئی ہے؟نظریات کا پرچار کرنا ہرا یک کا حق ہے کوئی سرخ انقلاب کی بات کرے یا سبز کی۔یہ الگ بات ہے سرخ انقلاب ماسکو میں د فن ہوچکا ہے لیکن جس انداز میں یہ احتجاج کیا گیا اس سے محسوس ہوتا ہے کہ یہ یونین بحالی کے بجائے پاپندی کو طول دینے کاکوئی اور ہی منصوبہ ہے ورنہ یونین کی بحالی تک ہی محدود رہنا چاہیے تھا،سیاسی جماعتوں کو اس طرح کے اقدامات کی حمایت نہیں کرنی چاہیے،بلخصوص وہ سیاسی جماعتیں جو اقتدار میں رہی ہیں ان کو تو یہ حق ہی نہیں پہنچتا کہ وہ یونین کی بحالی کی بات کریں انھیں پہلے معافی مانگنی چاہیے کہ انھوں نے اپنے دور حکومت میں طلبہ یونین کو بحال نہیں کیا اب نظریاتی اور جمہوری بننے کا مطلب یہ ہے کہ دوسروں کے کندھے سے فائر کیا جائے،اس کے باوجود تحریک انصاف حکومت جس کو نوجوانوں کی زیادہ حمایت بھی حاصل ہے اسے یونین بحال کردینی چاہیے لیکن اس کے لیے سخت ضابطہ اخلاق بھی بناناچاہیے ماضی میں طلبہ یونین کی بحالی سے نقصانات سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا۔سیاسی جماعتیں انھیں اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرتی رہی ہیں کالجوں،یونیورسٹیوں میں بیرونی مداخلت نہیں ہونی چاہیے جس سے تشدد جنم لیتا ہے اچھے جمہوری اور پرامن ماحول سے ہی مثبت نتائج آسکتے ہیں،ماضی میں طلبہ یونین سے بہترین قیادت تیار ہوئی جو آج بھی پاکستان اور آزادکشمیر میں نمایاں نظر آتی ہے لیکن منفی پہلو سے بھی انکار ممکن نہیں ہے، طلبہ کو جمہوری حق دینے کے ساتھ منفی سرگرمیوں کی روک تھام بھی ضروری ہے، آزادکشمیر حکومت کی طرف سے یونین بحالی کااعلان احسن اقدام ہے اس پر عملدرآمد کی ضرورت ہے یہاں کا سیاسی ماحول بھی بہتر ہے اور رواداری باہم عزت واحترام بھی پایہ جاتا ہے تاہم سیاسی جماعتوں کی مداخلت تعلیمی اداروں میں نہیں ہونی چاہیے۔ہر طرح کی مداخلت کا دروازہ بند رہنا چاہیے اور ایسا ضابطہ اخلاق بننا ضروری ہے جس سے تعلیمی حرج بھی نہ ہے اور تعلیمی اداروں میں تشدد بھی نہ آئے ماضی میں جو خامیاں تھیں ان کو دور کرتے ہوئے یونینز کی بحالی سے اچھی قیادت سامنے آنے کا موقع ملے گا جو اس وقت کی بڑی ضرورت ہے بدقسمتی سے طلبہ یونین پر پاپندی سے سیاسی جماعتوں میں پڑھی لکھی باصلاحیت قیادت سامنے نہیں آرہی ہے اس کے لیے طلبہ تنظیموں کو بھی بہت محنت کرنی پڑے گی ایک طویل عرصے سے پاپندی کی وجہ سے اچھا صحت مند ماحول پیدا کرنا آسان کام نہیں ہے جس طرح سیاسی کلچر بن چکا ہے اسے خٹم کرکے محنت اور صلاحیت کی حوصلہ افزائی اور چوردروازوں کو بند کرنا ہوگا۔ وزیراعظم فاروق حیدر نے الیکشن سے قبل کامیابی کے بعد چھ ماہ کے اندر بلدیاتی انتخابات کا وعدہ بھی کیا تھا جو تاحال پورا نہیں ہوسکا بارہا اعلانات کے باوجود بلدیاتی انتخابات اورسٹوڈنٹس یونین کی بحالی نہ ہوسکی تو اس کا نقصان مسلم لیگ ن کو بہت ہوگا۔ابھی بھی وقت ہے بلکہ اچھا وقت ہے کہ آپ بلدیاتی انتخابات کراکرآئندہ کے لیے اپنے لیے سیاسی میدان ہموار کریں بلدیاتی انتخابات اور سٹوڈنٹس یونین ہی جمہوریت میں سیاسی جماعتوں کی نرسریاں ہیں اگر یہ مضبوط ہوں گی تو جمہوریت مستحکم ہوگی ڈکٹیٹروں کو اس کا خوف تو سمجھ میں آتا ہے لیکن جمہوری حکومتوں کو اس سے کیا خوف ہے سمجھ سے بالا ہے کیا سیاسی جماعتوں کے اندر ڈکٹیٹر شپ موروثیت اور سب سے بڑھ کر سرمایہ داروں نے قبضہ کرلیا ہے اگر ایسا نہیں ہے اور ایسا نہیں ہونا چاہیے تو سٹوڈنٹس یونین بحال اور بلدیاتی انتخابات جلد ہونے چاہیے۔

تازہ ترین
- مظفرآباد(پرل نیوز )آزادجموں وکشمیر حکومت نے کرونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت آنے اور مثبت کیسوں کی شرح میں تشویش ناک حد تک اضافہ سے پیدا شدہ صورتحال کے بعد ہفتہ 21نومبررات بجے سے 6دسمبر رات بارہ بجے تک دو ہفتوں کے لیے لاک ڈاﺅن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی منظوری منگل کے روز وزیرا عظم کی صدارت میں کابینہ کے اجلا س میں دی گئی ۔ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے کانفرنس روم میں آزادکشمیر کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق ، وزیر صحت عامہ ڈاکٹر نجیب نقی خان،وزیر تعلیم سکولز سید افتخار علی گیلانی ، وزیر آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر مصطفی بشیر اور سیکرٹری صحت عامہ میجر جنرل احسن الطاف نے کرونا وائرس کی صورتحال اور اس سے بچاﺅ کے لیے کابینہ اجلاس کے فیصلوں سے میڈیا کا آگاہ کیا۔اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات ، سیاحت و آئی ٹی بورڈ محترمہ مدحت شہزاد، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال بھی موجود تھے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت عامہ ڈاکٹر نجیب نقی خان نے بتایا کہ کابینہ کے آج کے ہونے والے اجلاس میں کرونا وائرس کی دوسری لہر سے پیدا شدہ صورتحال پر تفصیل سے غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ شہریوں کی جانیں بچانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ کرونا کی دوسری لہر کے باعث وبا کے مثبت کیسوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ پایا گیا ۔خاص طور پر مظفرآباد ، میرپور اور کوٹلی میں صورتحال بہت خراب ہے لہذا مزید بڑے نقصان سے بچنے کےلیے بروز ہفتہ 21نومبر رات 12بجے سے 6دسمبر رات بار ہ بجے تک آزادکشمیر بھر میں لاک ڈاﺅن کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔لاک ڈاﺅن کے دوران ہر طرح کے سیاسی ، مذہبی اور سماجی اجتماعات پر پابندی عائد رہے گی۔ تمام سرکاری، نیم سرکاری اداروں کا 50%عملہ دفاتر میں خدمات سرانجام دے گا۔ ،دفاتر میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی رہے گی، تمام سرکاری پرائیویٹ تعلیمی ادارے بشمول دینی مدارس بند رہیں گے۔ کریانہ ، میڈیکل سٹور ز، بیکرز ، سبزی فروٹ ،دودھ کی دکانیں ،تندور صبح 7بجے سے شام 7بجے تک کھلے رہیں گے۔ سیاحوں کی آمد و رفت پر پابندی ،باربر شاپس و بیوٹی پارلرز بند رہیں گے۔ نماز جنازہ کی 50افراد کے ساتھ ایس او پی کے تحت کھلے میدان میں ادا کرنے کی اجاز ت ہو گی۔ پبلک ٹرانسپورٹ ایس او پی کے تحت چلے گی جس میں ماسک پہننے اور کم افراد کو گاڑیوں میں سوار ہونے کی اجازت ہوگی۔ ایس او پی کے ساتھ تعمیراتی کام کی اجازت ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں آزادکشمیر کے اندر کرونا کے مثبت کیسوں کی شرح سب سے زیادہ ہو چکی ہے جس کی وجہ سے لاک ڈاﺅن کا فیصلہ کیا گیا ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ کرونا وائرس کی دوسری لہر کے بعد غیر معمولی حالات پیدا ہو چکے ہیں۔ ان حالات میں سخت اقدامات اٹھا نا ضروری ہے تاکہ اپنے لوگوں کی زندگیوں کو مزید خطرے میں نہ ڈالا جا سکے۔ موجودہ حالات میں ایکٹو کیسز کی شرح بہت زیادہ ہے۔ حکومت کا پہلا کام لوگوں کی جانیں بچانا ہے۔ اس لیے بعض اوقات غیر مقبول فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں۔ آج کابینہ میں لاک ڈاﺅن کے متعلق تفصیلی بحث ہوئی۔ سرد موسم کی وجہ سے کرونا وائرس مزید خطرناک ہو گیا ہے اور اب 50سال سے کم عمر لوگ بھی اسی طرح متاثر ہو رہے ہیں، حکومت اپنی رٹ کو بروئے کار لائے گی۔ تاہم ساتھ ہی سب نے مل کر آگاہی مہم بھی چلانی ہے۔ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ بتانا ہے کہ یہ دوسری لہر کتنی خطرناک ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب لاپرواہی نہیں چلے گی ،ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا ، اس لیے سب سے تعاون کی اپیل ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ لاک ڈاﺅن سے وبا میں کمی نہ آئی تو لاک ڈاﺅن مزید سخت کریں گے۔.ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ ایل او وسی پر ہندوستان کی گولہ باری کا بڑا واقعہ ہوا ہے ۔ دشمن کو منہ توڑ جواب دینے پر ہمیں اپنی بہادر افواج پر فخر ہے۔ حکومت نقصانات پر ہر ممکنہ امداد کر رہی ہے بلکہ امداد میں اضافہ بھی کیا ہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ لاک ڈاﺅن کی پابندیاں عارضی ہیں ۔لوگوں کو بچانا پہلی ترجیح ہے۔ وزیر تعلیم سکولز نے کہا کہ تاجروں کے اعلان شدہ انتخابات شیڈول کے تحت مگر ایس او پی کے تحت ہوں گے، تعلیمی ادارے ایس اوپی پر عمل کر رہے ہیں۔ وزیرتعلیم نے مزید کہا کہ کرونا کی پہلی لہر کے دوران حکومت نے اس کی روک تھام کے لیے جو اقدامات اٹھائے ان کے مثبت اثرات رہے۔ ایک سوال پر وزیر تعلیم سکولز بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ ہمیں طلبہ کی پڑھائی اور ان کے سالانہ امتحانات کا احساس ہے مگر یہ نہیں کر سکتے کہ وبا اتنی پھیل جائے کہ 15دنوں کے بجائے تعلیمی ادارے سال کے لیے بند کرنے پڑیں۔ انہوں نے سکولز مالکان اور تاجر برادری سے کہا کہ حکومت کسی شوق کے تحت لاک ڈاﺅن نہیں کر رہی ہے لہذا تمام سٹیک ہولڈرز بشمول میڈیا اس ضمن تعاون کرے۔ وزیر بہبود آبادی و آئی ٹی ڈاکٹر مصطفی بشیر نے کہا کہ سرد موسم شروع ہو چکا ہے جو کرونا وائرس کو پھیلاﺅ میں مدد کر رہا ہے اسی لیے اس کی دوسری لہر میں شدت ہے جس سے بچنے کے لیے اس وبا کی چین کو توڑنا اشد ضروری ہے ۔ لاک ڈاﺅن کو شروع ہونے میں چند دن باقی ہیں لوگ تیاری کر لیں ۔ قبل ازیں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری صحت عامہ میجر جنرل احسن الطاف نے بتایا کہ 73500کرونا ٹیسٹ ہوئے جن میں سے 5500مثبت ہیں جن کی شرح %7.5بنتی ہے اور اس شرح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔کل ایکٹو کیسز 1326ہیں ،1285کیسز ہوم آئسولیشن میں ہیں ۔53مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں کوئی مریض وینٹیلیٹر پر نہیں ،ٹیسٹنگ کی گنجائش میں اضافہ کر رہے ہیں ۔ کوٹلی ہسپتال میں بھی لیب چند دنوں تک کام شروع کر دے گی۔ ٹیسٹنگ کٹس اور آکسیجن بھی ضرورت کے مطابق دستیاب ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ اس وباءکو کنٹرول کرنے کے لیے عوام کو زیادہ سنجیدہ ہونے کی ضرورت ہے۔