راولاکوٹ، مجسٹریٹ کا پیٹرول پمپس کا دورہ

راولاکوٹ ( پرل نیوز )میونسپل مجسٹریٹ سردار عمران نے نے بدھ کے روز راولاکوٹ شہر میں واقع تمام پیٹرول پمپس پر ڈیجیٹل میٹر ریڈنگ، پیٹرول، ڈیزل کی ماپ تول کے آلہ جات اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے ٹینکرز کی حالت کا معائنہ کرنے کی غرض سے دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہر میں واقع تمام پیٹرول پمپس پر نصب ڈیجیٹل میٹرز کی ریڈنگ میں ہیر پھیر و کمی و زیادتی کرنے کے حوالہ سے موصول ہونے والی عوامی شکایات کے پیش نظر انتہائی باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے عوامی تحفظات کو درست قرار دیا۔ میونسپل مجسٹریٹ نے اپنے دورہ کے دوران ڈیجیٹل میٹرزبغیر حفاظتی سیل نصب ہونے پر پمپس کے مالکان و عملے کو وارننگ جاری کرتے ہوئے فیول کمپنیز کوانفارمنگ لیٹر ز لکھنے کا فیصلہ کیا۔ سردار عمران نے فیول ذخیرہ کرنے والے ٹینکرز کی خراب حالت کے پیش نظر معائنہ ٹیم کو موقع پر معائنہ کرنے کے احکامات صادر فرمائے جس پران ٹینکس میں موجود فیول کا معائنہ کیا گیا اور اسے غیر معیاری قرار دے دیا گیا۔ سردار عمران نے اس موقع پر موجود صحافیوں و عوامی اجتماع سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول پمپس کے حوالہ سے عوامی شکایات موصول ہونے پر ہم نے گزشتہ روزپیٹرول پمپس کا معائنہ کرنے کا فیصلہ کیا اور آج معائنہ کرنے کے بعد ہم اس نتیجہ پر پہنچے ہیں چاہے کوئی بھی ڈسٹری بیوٹر ہو یا کسی فرم کا مالک ہو کہیں نہ کہیں کسی نہ کسی طریقہ سے عوام کی جیبیں خالی کرنے میں اور ان کو دھوکا دہی میں مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے حیرت ہوتی ہے کہ دھوکہ دہی کے لئے کیا کیا طریقے اپنا ئے جاتے ہیں اور کس طرح سے لوگوں کو بے وقوف بنا کرہم غیرقانونی و غیر اخلاقی افعال میں ملوث ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل میٹرز بغیر سیل کے نصب ہیں جس سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ان میں اپنی مرضی کے ہندسوں کا اندراج کیا جاتا ہے اور یہ عموماً تب ہوتا ہے جب ہم مطلوبہ فیول کی مقدار بتانے کے بجائے رقم بتاتے ہیں کہ اتنے کا فیول ڈال دو ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم قیمت کے بجائے مطلوبہ فیول کی مقدار بتائیں تو کافی حد تک ہمارا بچاؤ ممکن ہوجاتا ہے لیکن جب ہم پیسے بتاتے ہیں تو اس سے یہ واضح ہے کہ ہندسوں کو آگے پیچھے کرکے ہمیں فیول مہیا کیا جاتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں میونسپل مجسٹریٹ نے بتایا کہ ہم نے جب ان پمپس پر مطلوبہ مقدار بتائی تو اس کا تناسب کچھ اور تھا اور جب اسی مقدار کے اندراج کے بجائے قیمت کے اندراج پر زور دیا تو اس کا تناسب مختلف تھا۔ جس پر ہم نے مطلوبہ کمپنیز کو انفارمنگ لیٹرز ارسال کرنے کے احکامات دے دیئے ہیں کہ جب وہ مہینے کے اختتام پر وزٹ کریں تو وہ مجسٹریٹ کو اطلاع دے کر اس کی موجودگی میں آئیں تاکہ ہم اپنی موجودگی میں ان میٹرز پر سیل لگوا سکیں جس سے کسی قسم کی ہیر پھیر سے مکمل بچاؤ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ٹینکس کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے فیول غیر معیاری حالت میں فروخت ہو رہا ہے جس پر آج سے مکمل پابندی عائد کر دی ہے اور کمپنیز کے نمائندگان کی موجودگی میں مالکان کو صفائی اور میٹرز پر سیل لگوانے کے حوالہ سے پابند کیا جائے گا جس کے بعد خلاف ورزی کی صورت میں وارننگز کے بجائے پمپس کو مکمل سیل کر دیا جائے گا۔ سردار عمران نے کہا کہ میں شکریہ ادا کرتاہوں ان تمام افراد کا جنہوں نے نشاندہی کی اور ہمارے ساتھ اپنا تعاون یقینی بنایا ۔ قبل ازیں جب میونسپل مجسٹر یٹ اور ٹیکس آفیسر عمر فاروق جب شہر کے معائنہ کے لئے نکلے تو ان کے ہمراہ پولیس کی بھاری نفری، 15 کے اہلکاران، عامر اشرف انسپکٹر اوزان و پیمائش، ٹیکس انسپکٹر امتیاز خان، سینٹری انسپکٹر سردار رحیم، وقار خان، انسپکٹر تجاوزات اعجاز فاروق و دیگر آفیسران و عملہ بھی موجود تھا۔ یا د رہے کہ گزشتہ روز پیٹرول پمپس پر کاروائی کے حوالہ سے میونسپل مجسٹریٹ سردار عاطف نسیم کی موجودگی میں مشاورت و لائحہ عمل ترتیب دیا گیا تھا جس پر بدھ کے روز من و عن عملدرآمد کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

13-03-2018

13-03-2018