8

آزادکشمیر بھر میں حکومت مخالف احتجاجی مظاہرے، نعرہ بازی

پانیولہ،پاکگلی،مجاہد آباد،بنجونسہ (پرل نیوز) آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف انجمن تاجران پاکگلی،مجاہدآباد کے زیراہتمام احتجاجی مظاہر ہ کیا گیا جس میں سڑک کو دونوں طرف سے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا،ٹریفک بندش کے باعث راہگیرؤں،مسافروں کو شدید مشکلا ت کاسامنا رہا احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے انجمن تاجرا ن پاک گلی کے صدر راجہ اشتیاق کیانی،لالا نیاز کیانی کونسلر،سعید شاہ کشمیر کونسلر،واجد اسلم،پانیولہ،شمشا دکیانی پاکگلی،اعجاز شریف اوردیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آٹے کا جو ایٹم بم گرایا ہے وہ واپس لیا جائے،ورنہ دمام دم مست قلندر ہوگا،مجاہد آباد میں بھی تاجران،سول سوسائٹی،سیاسی جماعتوں کے زیر اہتمام سڑک بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں شہریوں کی کثیرتعداد نے شرکت کی،بنجونسہ میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں تاجران کی کثیرتعداد شریک ہوئی اور حکومت کو آٹے کی قیمت کم کرنے کیلئے ایک روز کی مہلت دی گئی اگر آٹا سستا نہ کیا گیا تو پہیہ جام کی ہڑتال دی جائے گی

کھائی گلہ، باغ، ہجیرہ (نمائندہ خصوصی) 18 جنوری تک حکومت نے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کا حالیہ نوٹیفیکیشن منسوخ نہ کیا تو بھرپور عوامی تحریک کا آغاز کریں گے ٗ سپلائی ڈپو کو لگائے گئے تالے اُس وقت تک نہیں کھلیں گے جب تک پرانے ریٹ پر آٹا مہیا نہیں کیا جاتا ٗ تاجران کے خلاف کسی بھی مقدمہ کی صورت میں کھائی گلہ شہر کو مکمل جام کر دیا جائے گا ٗ اس بات کا فیصلہ اظہار انجمن تاجران کھائی گلہ کے زیراہتمام آٹے کی قیمتوں میں ہوشرباء ا ضافے کے خلاف ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں تاجران ٗ سوسائٹی نے بھرپور شرکت کی اور اس بات کا عزم کیا کہ ہم اپنے حقوق کے حصول کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں اور اگر حکمران عوام کا خون چوس کر اپنی عیاشیاں برقرار رکھنے چاہتے ہیں تو اب انہیں ایسا ہرگز نہیں کرنے دیں گے۔ اجلاس میں انجمن تاجران کے صدر ماما ارشد اور دیگر نے کہا کہ ہم 18جنوری تک دی گئی ڈیڈ لائن کا انتظار کر رہے ہیں اگر حکومت نے 18جنوری تک آٹے کی قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا توسول سوسائٹی ٗ تمام سیاسی و سماجی تنظیموں اورعوام علاقہ مشاورت سے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ مقررین نے کہا کہ عوام کی قوت خرید طوفانی مہنگائی کے باعث پہلے کی جواب دے چکی ہے۔ جے کے ایل ایف اور سول سوسائٹی کے زیر اہتمام آٹے کی قیمتوں میں اضافے،مصنوعی مہنگائی،لوڈ شیڈنگ،کے خلاف باغ میں زبردست مظاہرہ مظاہرین نے پورے بازار کا چکر لگانے کے بعد حیدری چوک میں پہنچ کر ٹائروں کو جلاکر روڈ بند کردی،اور مظاہرین حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی کر رہے تھے،اس موقع پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئےJKLF کے رہنماجہانگیر مرزا،شعیب خالد،غلام اکبر ماگرے،جہانزیب میر،رفیق میر،عبدالرحمن انقلابی،عمران میر،جمیل کھوکھر،مظفر کھوکھر،احمد مغل،عمران گیلانی،امجد فاروقی،اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے راتوں رات آٹے کی قیمتوں میں 12سو روپے فی من اضافہ کر کے غریب کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھین لیا،آزاد کشمیر کے عوام کو سبسڈی پر خوراک مہیا کرنا حکومت کی زمہ داری ہے،وزیر اعظم فوری طور پر آٹے کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیں ورنہ آزاد کشمیر بھر میں پرتشدد احتجاجی تحریک شروع کر دیں گے،آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف سب ڈیژن ہجیرہ کے عوام سڑکوں پرنکل آئے،ہجیرہ شہر میں بڑااحتجاجی مظاہرہ سول سپلائی ڈپو کوتالے لگا دیے گئے، شٹرڈاؤن مظاہرے کے دوران پہہ جام،ایل اوسی کے علاقوں منڈھول، ٹانڈہ گھمیر، میں بھی آٹا مہنگا ہونے کے خلاف مظاہرے، 18جنوری تک کی ڈیڈ لائن۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ہجیرہ میں آٹا مہنگا ہونے کے خلاف ایک بڑااحتجاجی مظاہرہ کیاگیا،مظاہرین نے سینکڑوں کی تعداد میں اکھٹے ہوئے سول سپلائی ڈپو کوتالے لگادیے، اس دوران سول سپلائی ڈپو کے احاطے میں احتجاجی جلسہ کے بعد مظاہرین نے شہر میں چوک بند کردیا، ہرقسم کی ٹریفک تین گھنٹے تک معطل رہی، احتجاجی مظاہرے سے صدرانجمن تاجران سردارالطاف خان، سردارنسیم انجم ایڈووکیٹ، سابق امیدوارپی ٹی آئی عبدالرحمن کاشر، عمرحیات،عرفان عظیم زرگر،سردارظہوراحمد،مرزارفاقت، سردارامتیاز، ملک الیاس، سرداررزاق،سردارطارق،سردارمحمدعزیز کے علاوہ متعدد مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے غریب کے منہ سے روٹی کانوالہ چھین لیاہے، اب وقت آگیا ہے کہ ایسے حکمرانوں کوعوام اقتدارکے ایوانوں سے باہرنکال پھینکیں،حکمرانوں کے پاس شرم وحیانام کی چیز نہیں، آٹے اورگندم کے سٹاک موجود ہونے کے خلاف آٹامہنگا کرکے ریاست کے عوام پر ظلم کیاگیا، اس ظلم کے خلاف آخری حدتک جائیں گے،پونچھ کی عوام کی تاریخ سے حکمران بخوبی واقف ہیں، اگر18جنوری تک نوٹیفکیشن منسوخ نہ کیاگیاتوریاست بھرسے حکمرانوں کے خلاف اٹھنے والے طوفان کوکوئی روک نہ سکے گا۔دریں اثناء پونچھ لائن آف کنٹرول کے علاقوں، منڈھول، ٹانڈہ گھمیرمیں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے جن سے خطاب کرتے ہوئے صدرانجمن تاجران منڈھول سردارطاہرسلیم،ماجد خیامی،طاہربشیر،محمدفیاض خان، عبدالجبار،حبیب مغل نے خطاب کیا،ٹانڈہ گھمیر ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے سابق امیدوار اسمبلی سردارشفاعت فیضی، سردارشکیل محمدامیرخان ودیگرنے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیاکہ فوری طورپرنوٹیفکیشن منسوخ کیاجائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں