3

اتحادی حکومت نے ملکی ساکھ بحال کی،پیپلزپارٹی کشمیر کا مقدمہ مضبوط طریقے سے لڑتی ہے، مشیر امور کشمیر

رائے ونڈ(صباح نیوز)وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت نے ملکی ساکھ کو بحال کیا ہے،عمران خان نے آئین سے ہٹ کر ملک کو چلایا،سی پیک کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی،عمران خان کی ناقص پالیسیوں کی بدولت ملک میں مہنگائی کا طوفان آ یا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز رائے ونڈ لاہور میں پیپلزپارٹی میں نئے کارکنوں کی شمولیت کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔اس مو قع پررانا دلشاد صفدر،رانا فیصل اور راناندیم،اسلم گل،عثمان ملک،چودھری اختر،جمیل منج،امجد جٹ،چودھری عاطف رفیق،سونیا خان،،ڈاکٹر خیام حفیظ دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان نے سخت شرائط پر مالیاتی اداروں سے معاہدے کئے اور ماضی کی حکومتوں نے گذشتہ 10سالوں میں اتنے قرضے نہیں لئے جتنے عمران خان نے اپنے چار سالہ دور میں لئے،عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آ ئی حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کیا،انکی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک میں مہنگائی کا طوفان آ یا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قوم کو سہانے خواب دیکھائے،بے گھر افراد کو پچاس لاکھ گھر اور بے روز گار لوگوں کو ایک کروڑ نوکریاں دینے کا اعلان کیا،پی ٹی آ ئی نے اپنے چارسالہ دور میں ایک بھی نیا منصوبہ نہیں لگایا،عمران خان جان لو صرف نعروں سے ملک آ گے نہیں بڑھتے اور پاکستان کو بحرانوں میں دھکیل کر چلا گیا،انہیں اپنے دور کا حساب دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو آئین سے ہٹ کر چلایا،ملک آ ئین کے مطابق چلے گا نہ کے عمران خان کی خواہش پر، پی ٹی آ ئی چیئرمین نے اپنے دور میں مخالفین پر جھوٹے مقدمات بنائے اورانہیں جیلوں میں ڈالا،انہوں نے نہ صرف اپنے دوستوں بلکہ برادر ملکوں کو بھی ناراض کیا،اسلامی ملکوں کی تنظیم (او آ ئی سی) جس کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی تھی اس کے ساتھ پاکستان کے تعلقات خراب کئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کو ڈیفالٹ اور ملک میں سری لنکا جیسے حالات پیدا کرنے کی مہم چلائی جس میں وہ بری طرح ناکام ہوئے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ جنیوا کانفرنس میں دوست ممالک نے دل کھول کر پاکستان کی مدد کرنے کا اعلان کیا،حالات مشکل ضرور ہیں لیکن حالات اب بہتری کی جانب بڑھ رہے ہیں،بہت جلد بحرانوں پر قابو پا لیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پرویز الہی کو الیکشن کمشنر کا نگراں وزیر اعلی کے حوالے سے فیصلہ ماننا پڑیگا،پنجاب کے الیکشن میں بھی عمران خان کو شکست ہو گی اور اگلے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کامیاب ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آتی ہے تو روز گار لاتی ہے اورکشمیر کا مقدمہ مضبوط طریقے سے لڑتی ہے۔وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے عام آدمی کو بولنے کا حق دیا،افواج پاکستان کا مورال بلند کیا،عمران خان قوم کو بتا ئیں کہ ان کے دور میں کتنے نئے منصوبے لگائے گئے،ملک صرف نعرے لگانے یا خواب دکھانے سے آگے نہیں بڑھتے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں