واشنگٹن( پرل نیوز) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی امریکی کانگریس کی رکن کانگریس وویمن شیلا جیکسن لی (Sheila Jackson Lee)سے تفصیلی ملاقات۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے امریکی کانگریس وویمن شیلا جیکسن لی(Sheila Jackson Lee) کو مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلاً بریفنگ دی۔ اس موقع پر امریکی کانگریس کی رکن شیلا جیکسن لی(Sheila Jackson Lee)نے کہا کہ میں مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پراُجاگر کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کروں گی اسی طرح میں امریکی وزیر خارجہ اور نائب وزیر خارجہ برائے جنوبی ایشیاء سے بھی اس سلسلے میں بات کروں گی۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ امریکہ مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی بند کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور اسی طرح پاکستان اور بھارت جو کہ دونوں تیسری دنیا کی ایٹمی طاقتیں ہیں اور دونوں کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایک بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے جو کہ پوری دنیا کے امن کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے لہذا امریکہ بالخصوص امریکی سینٹ کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا اہم کردار ادا کرے۔ اس موقع پر امریکی کانگریس وویمن شیلا جیکسن لی(Sheila Jackson Lee) نے صدر آزاد جموںو کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ وہ اس سلسلے میں ہر سطح پر اپنا کردار ادا کریں گی۔
