اسلام آباد(پرل نیوز)صدر آزادجموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میں جب صدر ریاست بنا تھا تو میں نے اپنی تقریب حلف بردا ری میں کہا تھا کہ آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کراؤں گا۔ اب جبکہ آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہو چکا ہے اور اقتدار اب نچلی سطح پر منتقل ہو گا۔ لہذا اب یہ آپ لوگوں (بلدیاتی نمائندوں)پر منحصر ہے کہ عوام کے چھوٹے بڑے مسائل حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور میں اس سلسلے میں حکومت سے بھی کہوں گا کہ وہ آپ کی اس سلسلے میں مدد کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ضلع میرپور کے بلا مقابلہ منتخب ہونے والے چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے چیئرمین ضلع کونسل میرپور راجہ نوید اختر گوگا کو بلا مقابلہ چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل میرپور منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ میرپور کی تاریخ میں پہلے چیئرمین ضلع کونسل ہیں جو بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ لہذا اب ضرورت اس امر کی ہے کہ آپ تمام چیزوں سے بالا تر ہو کر میرپور کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لئے شب و روزکام کریں گے۔ مجھے خوشی ہے کہ آپ جیسا باصلاحیت، نڈر اور اچھے جذبات رکھنے والا شخص میرپور کی نمائندگی کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ میں اس موقع پر میرپور کے ممبران ضلع کونسل کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ایک ایسے شخص کا انتخاب کیا ہے جو کسی سے امتیازی سلوک نہیں کرے گا۔ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میں آپ سے کہوں گا کہ آپ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں اور اپنے انتخاب کو حق بجانب اور درست ثابت کریں۔ میرپور کے بڑے چھوٹے مسائل کے حل کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں برو ئے کار لائیں اگرچہ میرپور کے بڑے مسائل کے حل کے لئے میں ہر سطح پر آواز اُٹھاتا ہوں اور انہیں حل بھی کراتا ہوں تاہم اب آپ کی یہ ذمہ داری ہوگی کہ آپ عوام کے بنیادی مسائل حل کرانے کے لئے اپنا بھرپور رول ادا کریں۔
