12

تحائف تعلق بڑھانے کیلئے ہوتے ہیں بیچنے کیلئے نہیں،شہباز شریف

ڈیرہ اسماعیل خان(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ گزشتہ حکومت کی غلط منصوبہ بندی کی وجہ سے خیبر پختونخوا میں تباہی ہوئی، تحائف تعلق بڑھانے کیلئے ہوتے ہیں بیچنے کیلئے نہیں،عمران خان نے پاکستان کی عزت کو خاک میں ملایا، حکومت نے ملک کودیوالیہ ہونے سے بچا لیا، 22 کروڑ عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، ہم پہرہ دیں گے اور عوام سکون سے رات کو سوئیں گے،موجودہ حکومت کے 8 ماہ باقی ہیں،ہم بھرپور کام کریں گے، اس کے بعد عوام یہ فیصلہ کریں گے کہ وہ ووٹ گھڑی بیچنے والوں کو دیں گے یا خدمت کرنے والوں کو۔ یہ بات انھوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں جنوبی خیبرپختونخوا کے لئے ترقیاتی منصوبوں کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ چند ماہ قبل یہاں آیا تھا تو ہر طرف پانی نظر آتا تھا، سیلاب متاثرین نے بہت سی مشکلات کا سامنا کیا، کالام، کوہستان اور ٹانک میں بدترین تباہی دیکھی، سوات میں تو دریا کے بیچوں بیچ ہوٹل تعمیر کئے گئے تھے جو کہ سیلاب کی نذر ہوئے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، گزشتہ حکومت کی غلط منصوبہ بندی کی وجہ سے خیبرپختونخوامیں تباہی ہوئی، سیلاب سے پیدا ہونے والے بنیادی مسائل حل ہوگئے، جب تک یہ مسائل حل نہ ہوجائیں ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کی عزت کو خاک میں ملایا، تحائف کسی شخصیت کو نہیں بلکہ ملک کو ملتے ہیں، عمران خان نے خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی کو بیچا، یہ تحفے آپ کونہیں پاکستان کو ملے تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ تحائف تعلق بڑھانے کیلئے ہوتے ہیں بیچنے کیلئے نہیں،تحائف بیچ کر پیسے جیب میں ڈال لیے گئے، ایسی حرکتوں کی وجہ سے پاکستان کی بے توقیری ہوئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے بھی جب حلف اٹھایا تو احساس نہیں تھا کہ معیشت کا اتنا برا حال ہے، حکومت سنبھالی تو پاکستان دیوالیہ کے قریب تھا، مخلوط حکومت نے پاکستان کودیوالیہ ہونے سے بچا لیا،پاکستان کے 22 کروڑ عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، ہم پہرہ دیں گے اور عوام سکون سے رات کو سوئیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کے 8 ماہ باقی ہیں اس میں ہم بھرپور کام کریں گے، اس کے بعد ملک کے 22 کروڑ عوام یہ فیصلہ کریں گے کہ وہ ووٹ گھڑی بیچنے والوں کو دیں گے یا خدمت کرنے والوں کو، اگر ہمیں اگلے 5 سال موقع ملا تو ملک کی تقدیربدلیں گے، پاکستان نعروں سے نہیں محنت اور کام سے آگے بڑھے گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات پھر سر اٹھارہے ہیں، بنوں میں آپریشن کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، شہادت پانے والے قومی ہیرو ہیں، دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر اجلاس بلارہا ہوں، حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کا سر کچل دے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں