18

تحریک آزادی کشمیر ہمارے عقیدے اور ایمان کا حصہ،مضبوط و مستحکم پاکستان کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے، صدر آزادکشمیر

میرپور(پرل نیوز)صدر آزاد جموں وکشمیر و چانسلر آزادکشمیر یونیورسٹیز بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ معیاری اور اعلی نظام تعلیم کے ذریعے دور جدید کے تقاضوں کو پورا کیا جاسکتا ہے۔آج مملکت خداداد پاکستان میں غربت،بے روزگاری،توانائی کا بحران، دہشت گردی جیسے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے نوجوان نسل کو جدید اور معیاری نظام تعلیم سے ہم آہنگ کرنا ہوگا جس سے ان چیلنجز پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ پاکستان اہل کشمیر کی منزل ہے۔ مضبوط اور مستحکم پاکستان تحریک آزاد ی کشمیر کا ضامن ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کے غاصب حکمرانوں کی شدید مذمت کرتے ہیں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کے حق خودارادیت کے حصول تک آزادی کے بیس کیمپ سے بھرپور کردار ادا کیا جارہا ہے۔ آزادکشمیر میں جدید اور معیاری نظام تعلیم کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے یہاں میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (مسٹ) کے زیر اہتمام ساتویں کانووکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر تے ہوئے کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر برگیڈئیر (ر)یونس جاوید نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور مسٹ یونیورسٹی کے معاملات میں گہری دلچسپی لینے پر اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان سے گرانٹ کے حصول میں کوششوں پر صدر آزادکشمیر و چانسلر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو خراج تحسین پیش کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر یونس جاوید نے اس موقع پر کہاکہ مسٹ یونیورسٹی نے 13سالہ دور میں 14933 گریجویٹ جس میں 13857 بی ایس، 1041 ایم فل اور 17پی ایچ ڈی کے امتحانات پاس کیے ہیں اور آج 2084 طلبا و طالبات نے مختلف شعبوں میں کامیابی حاصل کی ان میں نمایاں کارکردگی حاصل کرنے والوں میں 48طلبا و طالبات کو گولڈ میڈل دیے گے ہیں۔ مسٹ یونیورسٹی نے برطانیہ، اٹلی، دبئی اور یورپی ممالک میں سائنس اینڈٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے 60سے زیادہ اداروں سے روابط قائم کیے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ بھمبر مسٹ کیمپس کے لیے 2600کنال آراضی حاصل کی جارہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں