7

ترکش پارلیمنٹ میں کشمیر کمیٹی بنانے، کشمیریوں کے حق میں قرارداد پیش کرنے کا اصولی فیصلہ

انقرہ(پرل نیوز)صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی تجویز پر ترکش پارلیمنٹ میں کشمیر کمیٹی بنانے اور اسی طرح ترکی کی پارلیمنٹ میں کشمیریوں کے حق میں قرارداد پیش کرنے کا اصولی فیصلہ۔ اس بات کا اعلان آج یہاں ترکی کی حکمران جماعت آک پارٹی کے ممبر پارلیمنٹ علی شاہین (Ali Shahin)کے درمیان ایک ملاقات میں کیا گیا۔ اس موقع پر ترکش ممبر پارلیمنٹ علی شاہین نے صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے اعزاز میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ظہرانہ بھی دیا۔ بعد ازاں صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ترکی کی پارلیمنٹ میں ترکش ممبران پارلیمنٹ جن میں ترکش ممبرپارلیمنٹ و ڈپٹی چیئرپرسن آک پارٹی و چیئرپرسن خارجہ امور کمیٹی افکان اعلیٰ (Efkan Ala)، ترکش پارلیمنٹ میں پارلیمنٹری کونسل برائے یورپ کے چیئرپرسن احمٹ یلڈز(Ahmet Yildiz)، ترکش ممبر پارلیمنٹ ایفف ڈیمرکیران(Afif Demir Kiran)،ترکش ممبر پارلیمنٹ ونائب وزری خارجہ فیوزی سنوردی(Fevzi Sanverdi)، ترکش ممبر پارلیمنٹ میمٹ اسلان(Memet Aslan)اور ترکش ممبر پارلیمنٹ ابراہیم النور(Ibrahim Anoor) سے ترکی کے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم ترکی کی حکمران جماعت بالخصوص ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کے انتہائی شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمیشہ کشمیریوں کی کھل ہر فورم پر حمایت کی ہے اور اسی طرح ترکی کے عوام کے دلوں میں کشمیریوں اور پاکستانیوں کے لئے محبت موجود ہے اور ہم کشمیری اس توقع کا اظہار کرتے ہیں کہ جہاں ترکی کی حکومت اور عوام مسئلہ کشمیر پر کشمیری عوام کے موقف کی حمایت کرتی ہے وہاں پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے بھی ترکی کے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم عروج پر ہیں اور میں بھارت کا ہر سطح پر مقابلہ کروں گااور میں نے مسئلہ کشمیرکے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے اور ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کا موقف انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے پیش کرنے کے لئے اپنے بیرون ممالک کے دورے کا آغاز برادر ملک ترکی سے کیا ہے اور میرے لئے یہ امر خوش آئند ہے کہ یہاں پر ترکش عوام کے دلوں میں کشمیری عوام کے لئے جذبات ہمارے لئے تقویت کا باعث ہیں۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ ترکش پارلیمنٹ میں کشمیر کمیٹی کے قیام کا اصولی فیصلہ خوش آئند امر ہے اور اسی طرح جلد ہی ترکش پارلیمنٹ میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت میں ایک قرارداد بھی پاس کی جانی چاہیے تاکہ انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کرائی جا سکے اور مسئلہ کشمیر کی جانب پیش رفت ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں