12

جدوجہد آزادی میں منگ کے غازیوں اور شہدا کی خدمات ناقابل فراموش ہیں،راجہ فاروق حیدر

اسلام آباد(اسپیشل رپورٹر) سابق وزیراعظم آزاد کشمیر و پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ 1832اور 1947کی جدوجہد آزادی میں منگ کے غازیوں اور شہدا کی خدمات ناقابل فراموش ہیں،غازیوں اور شہدا کے وارثوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ریاستی تشخص اور عوام کے حقوق کی بحالی کے لئے ہر ممکن کردار ادا کروں گا،کرنل شیر خا ن شہید کے پوتے سردار شبیر کا مسلم لیگ ن سب ڈویژن منگ کاصدر بننا پارٹی کے لئے تقویت کا باعث ہو گا وہ ایک منجھے ہوئے باصلاحیت سیاسی کارکن ہیں اور اپنی بھر پور محنت اور لگن سے مسلم لیگ ن کو منظم اور فعال بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سردار شبیر کے مسلم لیگ ن سب ڈویژن منگ کے صدر بننے پر راولپنڈی صدر طوبہ ہوٹل میں منعقدہ استقبالیہ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے مسلم لیگ ن منگ کے سینئر رہنماؤں سردار شبیر احمد، سردار تنویر خادم،حاجی ممتاز، سردار تنویرالطاف ایڈووکیٹ،سردار شبیر خان، سردار کامران لیاقت، سردار توقیر ایڈووکیٹ،سردار عامر ندیم،سردار نثار احمداور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ اور راجہ فاروق حیدر کو استقبالیہ تقریب میں شرکت پر دلی شکریہ ادا کیا۔راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لئے اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے،عالمی برادری کشمیریوں کی جان،عزت و مال کو تحفظ فراہم کرے۔بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی پر عمل پیرا ہے نام نہاد سرچ اپریشن کے ذریعے آئے روز نوجوانوں کو شہید کیا جا رہا ہے مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی خواہشات کے بغیر حل نہیں ہو سکتا بھارت بدترین مظالم سے کشمیری عوام کو ان کی جدوجہد اور حق سے دستبردار نہیں کروا سکتا۔راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساڑھے تین سالہ دور اقتدار میں ناکام معاشی و خارجہ پالیسیوں سے ملک کو تبا ہی کے آ خری دہانے پر پہنچا دیا گیا، پی ٹی آئی قیادت نے ایک ایسا بیانیہ دیا ہے جو ملک کے اندر جمہوری اداروں کے استحکام کے بجائے ملک کے اندر بے چینی اور افرا تفری کی فضا پیدا کرنے کے مترادف ہے نوجوان ایسے کسی مذموم ایجنڈے یا تحریک کا حصہ نہ بنیں،آزاد کشمیر میں آنے والا دور مسلم لیگ ن کا ہے۔ میاں نواز شریف،میاں شہباز شریف کی صورت میں عوام کو قومی لیڈر شپ موجودہ چیلنجز اور بحرانی معاشی و سیاسی صورتحال سے نکال کر غریب عوام کو بھر پور ریلیف دے کر ہی عوام کی بے چینی دور کی جا سکتی ہے مسلم لیگ ن ہی عوام کے لئے روشنی کی واحد کرن ہے۔ راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پی ڈی ایم کی جماعتیں مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہیں اور پاکستان ایٹمی طاقت ہے،ملک کی سرحدوں کی طرف حملہ کرنے سے پہلے سو مرتبہ سوچے گا پاکستان کشمیریوں کا بڑا بھائی اور وکیل ہے مسلم لیگ ن کی حکومت مسئلہ کشمیراور پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے بہتر پروگرام رکھتی ہے تحریک انصاف کی خرابیوں کو جڑسے ختم کر کے خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں