20

رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس کی 55 ویں برسی آج عقیدت و احترام سے منائی جائیگی

مظفرآباد(پرل نیوز) رائیس الاحرار چوہدری غلام عباس کی55ویں برسی آج عقیدت واحترام سے منائی جائے گی۔ جس کی تیاریاں
مکمل کر لی گئی ہیں۔چوہدری غلام عباس کے مزار پر آج مسلم کانفرنس اور حکومت آزادکشمیر کی طرف سے قائدملت چوہدری غلام عباس کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیاجائے گا۔ اس کے علاوہ آزادکشمیر بھر میں حکومتی اور مسلم کانفرنسی کارکنان وعہدیدران رائیس الاحرار چوہدری غلام عباس کی برسی کے حوالے سے دعائیہ تقریبا ت منعقد کرینگے۔مرکزی تقریب میں وزیراعظم آزادکشمیر سردارتنویرالیاس خان کے علاوہ وزراء حکومت اور دیگر سیاسی پارٹیوں کے قائدین شرکت اور خطاب کرینگے اس کے علاوہ مزار پر قرآن خوانی ہوگی اور حکومت کی طرف سے گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔ اس کے بعددوسری نشست میں مسلم کانفرنس کی مرکزی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس ہوگا جس میں آزاد کشمیر بھر سے مسلم کانفرنس کے کارکنان،عہدیداران،ٹکٹ ہولڈر اور بلدیہ ٹکٹ ہولڈرشرکت کرینگے۔اجلاس میں مجلس عاملہ کی سفارشات کے مطابق نومنتخب صدر مسلم کانفرنس اپنے عہدے کاحلف اٹھائیں گے۔اس موقع پر آزادجموں وکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمو چوہدری نے کہاہے کہ آج رئیس الاحرار کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے اور وہ ہے پاکستان کے ساتھ غیر مشروط الحاق یہی وہ منزل ہے جس پر چل کر کشمیریوں نے اپنے مستقبل کی بنیاد رکھنی ہے۔ رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے دست راست،الحاق پاکستان کے داعی اور کشمیری مسلمانوں کے حقوق کے پاسبان تھے۔رئیس الاحرار کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ چوہدری غلام عباس کی برسی عقیدت و احترام سے منانے کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ ان کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رہے گی۔وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ چوہدری غلام عباس الحاق پاکستان کے مضبوط داعی اور کشمیری مسلمانوں کے حقوق کے پاسبان تھے رئیس الاحرار پوری کشمیری قوم کے لیڈرتھے جنہو ں نے اپنی زندگی تحریک آزادی کشمیر کے لیے وقف کررکھی تھی۔ آپ نے قائد اعظم کے ایک وفادار ساتھی اور تحریک پاکستان کے ایک انتھک سپاہی کی حیثیت میں نظریہ پاکستان کی سربلندی کے لئے جو جرات مندانہ جدوجہد کی وہ بلاشبہ تاریخ پاکستان کا ایک سنہری ورق ہے۔آزادی کشمیر کی جدوجہد میں کشمیری قائد چوہدری غلام عباس کی خدمات بھی ہمارے ذہنوں میں جگمگاتی رہیں گی۔رئیس الاحرار کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے مرحوم کشمیری لیڈر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ چوہدری غلام عباس کا شمار قائداعظمؒ کے بااعتمادساتھیوں میں ہوتا تھا۔ رئیس الاحرار صاحب کردار، باعمل اوربااصول سیاستدان ہونے کے ساتھ ساتھ ایک درویش صفت شخصیت اور ملت کیلئے انتہا درجہ کی دردمندی رکھنے والے عظیم انسان تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں