19

راولاکوٹ گرینڈ جرگے کے زیر اہتمام اجلاس

راولاکوٹ (پرل نیوز) راولاکوٹ شہر کے مسائل بالخصوص ٹریفک کے حوالے سے گرینڈ جرگے کا انعقاد صابر شہید سٹیڈیم میں کیا گیا۔ گزشتہ روز آمنہ کلینک کے سامنے ٹریفک حادثے میں شہید ہونے والے امان صغیر کی حادثاتی موت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے سردار عدنان رزاق امیر جماعت اسلامی، سردار ذوالفقار عارف، مولانا اتفاق، حماد اجمل، صیام خان، حماد خان، احتشام راشد، حنان معروف، شاہزیب ارشد، فیضان نسیم، عرفان رفیق اور دیگر نے انتظامیہ کی غفلت، نااہلی اور نالائقی کو اس حادثے کا سبب قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ بالخصوص ٹریفک پولیس کی غفلت کے باعث آئے روز حادثات رونما ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ سکیم میں کمرشل پلازوں میں پارکنگ کی سہولت نہ ہونے کے باعث گاڑیاں روڈ پر پارک ہوتی ہیں جو حادثوں کا سبب بن رہا۔انہوں نے کہا کہ اگر انتظامیہ نے فی الفور سپیڈ بریکرز نہ لگائے تو احتجاج کا راستہ اپنایا جائے گا۔ جرگے میں بدون رجسٹریشن رکشوں کے چلانے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا اس کے ساتھ ساتھ کم عمر بچوں کے بائیک چلانے اور ہیلمٹ کے استعمال نہ کرنے پر انتظامیہ سے دفعہ 144 کے نفاذ کا مطالبہ کیا گیا۔ جرگے کے بعد ڈپٹی کمشنر ضلع پونچھ سے ملاقات کی گئی جس میں اپنے تمام تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے تمام معاملات پر فوری توجہ دینے اور عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں