17

ریاستی بینک کی تاریخ، انتظامی ڈھانچے،نیٹ ورک اور صارفین تک رسائی پر بریفننگ

اسلام آباد(پرل نیوز)بینک آ ف آزاد جموں و کشمیر کے چیئرمین جناب خان عبد الماجد خان اور صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب خاور سعید نے گزشتہ روزگورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان جناب جمیل احمدکے ساتھ ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر بینک جناب مبشر نبی اور چیف فنانشل آ فیسر جناب شاہد شہزاد میر بھی موجود تھے۔سٹیٹ بینک کے گورنر کو صدر بینک جناب خاور سعید کی جانب سے تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ریاستی بینک کی تاریخ، انتظامی ڈھانچے، اس کے پھیلتے ہوئے نیٹ ورک اور صارفین تک رسائی، ادا شدہ سرمایہ سمیت گزشتہ تین سال کے دوران فنانشل ترقی کی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی گئی۔آزاد کشمیرکے وزیر خزانہ، کواپریٹو و ان لینڈ ریونیو خان عبدالماجد خان،جو کہ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئر مین بھی ہیں، نے ریاستی معیشت میں بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی اہمیت،ادارے کے ساتھ سمند پار کشمیری تارکین وطن کی وابستگی اور دلچسپی، شیڈول درجہ دلانے کے لئے لائسنس اجرائیگی کی اہمیت وافادیت،اور حال ہی میں مالیاتی ادارے اور ریاستی حکومت کی جانب سے ترقی اور شیڈول بینک درجہ کے حصول کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا جن میں قابل ذکر کور بینکنگ سافٹ ویئر کی تنصیب پر عمل درآمد، قرضہ جات منصوبوں کی از سر نو بہتری، اسٹیٹ بینک میں درخواست دائر کرنے کے لئے بزنس کیس کی تیاری اور قانونی لوازمات کی تکمیل کے لئے کنسلٹنٹ کی خدمات کا حصول، آزاد کشمیر کے عوام بالخصوص سمندر پار تاکین وطن کشمیریوں وکارپوریٹ سیکٹر کی بینک کو شیڈول کا درجہ دینے کی خواہشات شامل ہیں۔چیئرمین نے مزید بتایا کہ بینک کو حکومت پاکستان کے پن بجلی، سیاحت، معاشی طور پر خواتین کو بااختیار بنانے، زراعت و ہاؤسنگ جیسے خصوصی منصوبوں میں شامل کرنے سے بینک کی ترقی میں تیزی آئے گی۔ علاوہ ازیں سٹیٹ بینک کی جانب سے اس بینک کو لائسنس کے اجراء، رہنمائی و تعاون کے لئے فوکل پرسن کی نامزدگی جب کہ اسلام آباد میں بینک کے کارپوریٹ دفتر کھولنے کے مثبت کاروباری نتائج برآمد ہوں گے۔گورنر سٹیٹ بینک نے بینک ٹیم کی بریفنگ میں دلچسپی اور توجہ دیتے ہوئے ادارے کی حالیہ کارکردگی اور شیڈول بینک درجہ کے حصول کے لئے کئے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جس انداز اور رفتار سے یہ ادارہ ترقی کی جانب گامزن رہتے ہوئے ریاست کی ترقی میں کردار ادا کررہا ہے، اس سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ یہ بینک بہت جلد ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔ انہوں نے بینک آف اے جے کے،کے لئے سٹیٹ بینک کی جانب سے لائسنس اجراء کرنے کے موقف سے اصولی اتفاق کیا۔ملاقات کے دوران حکومت آزاد کشمیر اور بینک کی جانب سے گورنر کو سوینئربھی پیش کی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں