راولاکوٹ(پرل نیوز)وائس چانسلر جامعہ پونچھ پروفیسر ڈاکٹر محمد ذکریا ذاکر (پرائیڈ آف پرفارمنس) نے کہا ہے کہ سماجی تحفظ اور قیام امن کیلئے نوجوانوں کو کردار ادا دکرنا ہو گا۔دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمہ کیلئے سیکورٹی فورسز کیساتھ نوجوان نسل اور باالخصوص جامعات میں زیر تعلیم طلبہ کا کردار انتہائی اہم ہے ۔ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے ضروری ہے کہ عوام عدم تحفظ کا شکار نہ ہوں ۔مشکل وقت میں قوم اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرے تو دشمن اپنے مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔محفوظ مستقبل کیلئے دنیا کو پاکستان کا امن والا چہرہ دکھانا ہو گا ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے طلبہ کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا ۔ملک میں حالیہ دنوں دہشتگردی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہو ئے انھوں نے کہا کہ نہتے شہریوں پر حملے اورمساجد کو نشانے بنانے کا مقصد واضع ہے کہ عوام میں خوف اور عدم تحفظ کا احساس پیدا کر کہ پاکستان کو ترقی کی دوڑ میں شریک ہو نے سے روکنے کیلئے عالمی سطح پر ملک کی ساکھ کو تباہ کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ طلبہ آگے بڑھیں۔ملک کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے ان سازشوں کا اد راک کرتے ہوئے انھیں روکنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔طلبہ کو اپنی زمہ داری کا احساس کرتے ہو ئے مسائل کو سمجھنا اور پھر ان کے حل کیلئے واضع حکمت عملی کیساتھ آگے بڑھنا ہے۔انھوں نے کہا کہ ملک میں قیام امن اور مذہبی ہم آہنگی کیلئے حکومت،سول سوسائٹی اور طلبہ اور اساتذہ کو مشترکہ کوششیں اور کردار ادا کرنا ہو گا۔ان طبقوں میں مکمل ہم آہنگی اور یکسوئی کے بغیر ہم اپنے مشترکہ دشمن کو شکست نہیں دے سکتے ۔ہمارے دین کا دہشتگردی سے کوئی واسطہ نہیں ۔انھوں نے کہا کہ طلبہ نے اخوت اور بھائی چارے کے پیغام کو عام کرنے کیساتھ ساتھ اصل مسلے کو سمجھنا ہے تاکہ ان مسائل کا جڑ سے خاتمہ کیا جا سکے ۔یہ بات واضع ہے کہ قیام امن کے بغیر ترقی اور خوشحالی کا خواب پو را نہیں ہو سکتا
