15

وزیراعظم کی زیر صدارت یوتھ لون اسکیم کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ حکومت نوجوانوں میں انٹر پرنیور شپ اور روزگار کے فروغ کے حوالے سے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے. وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر یوتھ لون اسکیم کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان آبادی پاکستان کا اثاثہ ہیں جن کی فلاح و بہبود سے ملکی ترقی جڑی ہوئی ہے. وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے, ہمارے باصلاحیت نوجوانوں کے جذبے بلند ہیں،وسائل فراہم کئے جائیں تو ہمارے نوجوان ملکی تقدیر بدل سکتے ہیں. انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی اور نجی شعبوں کو ہم آہنگی میں کام کرنے کی ضرورت ہے تا کہ مل کر ہی ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹا جا سکے. وزیراعظم نے پی ایم یوتھ لون اسکیم کی کارکردگی اور کام کی رفتار کو جانچنے کی لئے ایک اسٹیئرنگ کمیٹی بنانے کی ہدایت کی جس کی سربراہی وزیراعظم خود کرینگے, کمیٹی میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات اسحاق ڈار بھی شامل ہونگیاجلاس کو بتایا گیا کہ پرائم منسٹر یوتھ لون اسکیم کا بنیادی مقصد نوجوانوں میں انٹر پرنیور شپ کا فروغ اور ان کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے اس اسکیم کے ذریعے 2013 سے اب تک 54 ہزار افراد کو 73.55 ارب روپے کا قرض فراہم کیا جا چکا ہے. اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ پی ایم یوتھ لون اسکیم کے موجودہ پورٹل کا باقاعدہ آغاز 24 جنوری 2023 کو کیا گیا. اس اسکیم کے تحت 18 سے 45 سال کے افراد 45 دنوں کے اندر آسان شرائط پر قرض حاصل کر سکتے ہیں. اس اسکیم میں 25 فیصد کوٹہ خواتین کے لیے مختص کیا گیا ہے. اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ 30 جون 2023 تک اس سکیم کے تحت 30 ارب روپے تک کے قرضے فراہم کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے.اجلاس میں شریک بینکوں اور مائکرو فنانس کے اداروں کے سربراہان نے پی ایم یوتھ لون اسکیم کے حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے اور اس سلسلے میں تمام اہداف معینہ مدت تک پورا کرنے کی یقین دہانی کرائی. وزیراعظم نے 30 جون 2023 تک پی ایم یوتھ لون اسکیم کے ذریعے 30 ارب روپے تک قرضوں کی فراہمی کے ہدف کو پورا کرنے کی ہدایت جاری کی. علاوہ ازیں وزیراعظم نے پی ایم یوتھ لون سکیم کے حوالے سے تمام تر آپریشنل مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی تاکید کرتے ہوئے اس سلسلے میں ایک کمیٹی بھی قائم کی جس میں وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا, وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزا فاطمہ, وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات, وفاقی سیکرٹری تخفیف غربت و سماجی تحفظ, بانی اخوت فانڈیشن امجد ثاقب, گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان, صدور نیشنل رورل سپورٹ پروگرام, بینک آف پنجاب , حبیب بینک لمیٹڈ, زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ اور بینک الفلاح لمیٹڈ شامل ہونگے.اجلاس میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزا فاطمہ, بینکوں اور مائکرو فنانس اداروں کے صدور اور نمائندگان نے شرکت کی.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں