17

پی ڈی ایم کا قومی اسمبلی کی خالی 35 نشستوں پر ضمنی الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ

اسلام آباد/پشاور(صباح نیوز)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) نے پاکستان تحریک انصاف کے استعفوں کی منظوری کے بعد خالی ہونیوالی نشستوں پر ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کردیا۔ مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں حالات کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہے،پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں سے رابطہ اور مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے 35 اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کرلئے ہیں، جس کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ان تمام افراد کو ڈی نوٹیفائی کردیا ہے۔پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں سے رابطہ اور مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ حکومتی اتحاد پی ٹی آئی کی خالی 35 نشستوں پر ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لے گا۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے استعفوں کی منظوری کے بعد خالی ہونیوالے حلقوں پر ضمنی انتخابات میں پی ڈی ایم حصہ نہیں لے گی۔پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں مسلم لیگ نواز، جمعیت علمائے اسلام(ف)، پشتونخوا میپ، قومی وطن پارٹی سمیت کئی جماعتیں شامل ہیں تاہم پاکستان پیپلزپارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی پی ڈی ایم سے باہر نکل چکی ہیں۔ دوسری جانب جاری پریس ریلیز کے مطابق جے یوآئی اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے جے یوآئی کی صوبائی مجلسِ شوری کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ارکان شوری تحصیل ناظمین میئرز اور ارکان سینٹ وصوبائی اسمبلی نے بھی شرکت کی اجلاس سے سینٹر مولانا عطا الرحمن محمد اکرم خان درانی مولانا عطا الحق درویش نے بھی خطاب کیا مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اقتدار چھن جانے کے بعد ملک میں بحران پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، صوبائی حکومت ان بحران اور سازشوں میں براہ راست ملوث تھیں لیکن مرکزی حکومت کے خلاف پروپیگنڈہ کیاگیا انہوں نے کہا کہ چار سال مرکزی حکومت نے آئی ایم ایف ورلڈ بینک کے ساتھ معاہدات کرکے قومی معیشت کا بیڑہ غرق کیا سابقہ حکومت نے ملک میں اسلامی اقدار کے خاتمے اور مغربی کلچر مسلط کرنے کے لیے نوجوان نسل کو استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے عوام کا اسلام کے ساتھ والہانہ عقیدت ہے اور بیرونی ایجنڈے کے تحت خیبرپختونخوا کے خطہ میں اسلام کی مظبوط جڑوں کو کاٹنے کے لئے تحریک انصاف کو استعمال کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں