0

بتایا جا رہا ہے 3 بار وزیراعظم بننے والا چوتھی بار بن کر مسائل حل کرے گا، بلاول بھٹو

کوئٹہ(صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی پرانی سوچ کو چھوڑنا پڑے گا، عوام کو معیشت اور سیاست میں حصہ دار بنانا پڑے گا،جن سیاستدان نے ہمارا خون سستا کردیا انکو دوبارہ موقع نہ دیں، پاکستان کے مستقبل کے فیصلے عوام کو کرنے دیں، ہم نفرت، تقسیم اور انا کی سیاست ختم کر کے آگے بڑھیں گے،میں سمجھتا ہوں بلوچستان کے عوام کے ساتھ سب سے بڑی نا انصافی ہورہی ہے۔کوئٹہ میں بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان ہائی کورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کے دکھ اور تکلیف کا مجھے احساس ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ہم سب نے ملکر ایک نئے دور سیاست کو متعارف کرانا ہے، ہم نفرت، تقسیم اور انا کی سیاست ختم کر کے آگے بڑھیں گے، انشااللہ پیپلز پارٹی کی حکومت بنے گی، ہم سب سے پہلے بلوچستان کے عوام کو انکا حق دلوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیغام دیا گیا کہ بلوچستان کے عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں، 8فروری کو الیکشن ہونے جارہے ہیں، اس حوالے سے بتایا جا رہا ہے 3بار وزیراعظم بننے والا چوتھی بار بن کر ملک کو مسائل سے نکالے گا۔ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے حقوق بلوچستان کا آغاز کیا تو وہ یہاں کے عوام کی جیت تھی، آصف زرداری نے جب اٹھارہویں ترمیم پر دستخط کیے تو وہ بلوچستان کی جیت تھی، آصف زرداری نے جب این ایف سی کا اعلان کیا تو وہ بلوچستا ن کی جیت تھی۔انہوں نے کہاکہ ہم نے تھر کے وسائل میں وہاں کے عوام کو حصہ دار بنایا، ہم نیشنل گرڈ پر سب سے سستی بجلی پہنچارہے ہیں، فیصل آباد تک بجلی جارہی ہے، ہمیں افریقہ کی طرح پیش کیا جاتا تھا۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ ہم نے سندھ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے ڈویلپمنٹ کی ہے، کیا بلوچستان کے شہری خود کو سی پیک کا حصہ دار سمجھتے ہیں یا نہیں؟ میں سمجھتا ہوں بلوچستان کے عوام کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے، سی پیک کی بنیاد آصف زرادری نے رکھی، پسماندہ علاقے کو ترقی دلوانی تھی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ بلوچستان کے پاس معدنیات اور وسائل ہیں، اتنے وسائل پورے پاکستان میں نہیں جتنے بلوچستان میں ہیں، سی پیک کی بنیاد صدر آصف زرداری نے رکھی تھی، میں جانتا ہوں آصف زرداری کے ارادے اور سوچ کیا تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں