0

لوکل گورنمنٹ میںکرپشن کی کوئی گنجائش نہیں،آڈٹ کاسخت نظام نافذ کروں گا، فیصل راٹھور

مظفرآباد (پرل نیوز) وزیرلوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت محکمہ لوکل گورنمنٹ ا ور لوکل گورنمنٹ بورڈ کے تعارفی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی سید شاہد محی الدین ،ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی سردار عدنان خورشید،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ سردار عقیل محمود ود یگر متعلقہ آفیسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی نے کہا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ ویہی ترقی کے اندر مالیاتی اور انتظامی ڈسپلن قائم کرنا اولین ترجیح ہے۔ اصلاحا ت کا آغاز وزرات لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی سے کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ انتہائی اہم ریاستی محکمہ ہے اور اس پر عوامی اعتماد کو بحال کیا جانا ضروری ہے۔ وزیر اعظم چوہدری انوار الحق کے ویژن کے مطابق اس محکمہ میں اصلاحات لانی ہیں اور اس کو عوام کے آگے جوابدہ بنانا ہے۔ شفافیت اور میر ٹ کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے تمام آفیسران کو ہدایات کیں کہ غیر ضروری سکیم مرتبگی کے کلچر کی حوصلہ شکنی کی جائے اور پچاس ہزار یا لاکھ روپے کی سکیمیں بنا کر پیسے کا ضیاع نہ کیا جائے۔ وزیر لوکل گورنمنٹ نے کہا کہ سکیم کی کم سے کم مالیت کی حد مقرر کی جائے گی جس کا کوئی امپیکٹ گرائونڈ پر نظر آئے۔ جاریہ منصوبہ جات کا خود بھی وزٹ کروں گا اور کام کی کوالٹی پر کوئی کمپرومائز نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آفیسران غیر ضروری سرکاری دورے نہ کریں اور ہر کام جوازیت کے ساتھ کریں۔ کسی قسم کی کرپشن یا مالیاتی بددیانتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشنز ، میونسپل کمیٹیز اور ٹائون کمیٹیز شہریوں کو معیاری سروسز فراہم کریں اور اپنی آمدن کے ذرائع کو بڑھائیں۔ بلدیاتی ادارہ جات اپنا آڈٹ باقاعدہ بنیادوں پر کروائیں اور تمام پراگرس رپورٹس وزارت کو بھی فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹس کو توڑنا اور نظام کے اندر شفاف اور عوام دوست تبدیلیاں لانی ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ سیاسی لوگوں کے اپنے چیلنجز ہوتے ہیں۔ اپنی وزارت کے دورانیہ میں اس محکمہ اور یاست کے عوام کے لیے اچھے اقدامات کرنا چاہتا ہوں۔ جائزہ اجلاس کے دوران سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی سید شاہد محی الدین نے وزیر لوکل گورنمنٹ کو محکمہ کے ترقیاتی پروگرامز اور منتخب بلدیاتی نمائندگان کے کام اور دائرہ اختیار کے متعلق بریف کیا اور بتایا کہ بروقت منصوبہ جات کی نشاندہی سے مالیاتی ڈسپلن قائم کرنے میں مدد ملے گی۔ ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی سردار عدنان خورشید نے وزیرلوکل گورنمنٹ کو بریفنگ دی اور محکمہ کے تاریخی پس منظر ، انتظامی و ترقیاتی بجٹ ، نئے منصوبہ جات ، کورٹ کیسز اور محکمہ کو درپیش چیلنجز کے حوالہ سے تفصیلی بریف کیا۔ ڈائریکٹر جنرل نے وزیر لوکل گورنمنٹ کو یقین دلایا کہ محکمہ وزیر اعظم اور وزیر لوکل گورنمنٹ کی گائیڈ لائنز کی روشنی میں مانیٹرنگ سسٹم کو فعال کرے گا اور تمام منصوبہ جات کی زمین پر موجودگی یقینی بنوائی جائے گی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ سردار عقیل محمود نے بلدیاتی ادارہ جات کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی اور بلدیاتی اداروں کے بجٹ ، ترقیاتی پروگرامز اور پنشن کے مسائل پر وزیر لوکل گورنمنٹ کو آگاہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں