0

اسرائیل کی جانب سے غزہ میں زندگی و موت کا کھیل جاری ہے ،سردار عتیق

راولپنڈی(صباح نیوز)آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان نے کہا کہ غزہ میں معصوم بچوں اور خواتین کا قتل عام انسانی حقوق، کی صریح خلاف ورزی ہے، غزہ میں یہ قتل عام بند ہونا چاہئے۔ اس صورتحال میں اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو ذمہ درانہ کردار ادا کرناچاہیے۔ بچوں، بوڑھوں، خواتین سمیت ہر ایک کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ہمیں اپنی آوازیں بلند اور اپنا کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ اس بربریت کا خاتمہ ہو سکے۔ان خیالات کااظہارصدرمسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے مجاہد منزل میں مسلم کانفرنس کے سینئر رہنما سید اظہر علی شاہ اور سید حسنین علی شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چالیس دنوں میں اسرائیلی فورسز نے پانچ ہزار سے زائد فلسطینی بچے شہید کردیے جبکہ 1800سیزائد فلسطینی بچوں کی لاشیں تباہ شدہ بلڈنگز کیملبے میں پھنسی ہوئی ہیں۔ غزہ میں پچاس فیصد سے زائد آبادی بچوں کی ہے جنھیں جنگی حالات کا سامنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ 50 ہزار سے زائد فلسطینی حاملہ مائیں ہیں اور ان بچوں کی زندگیاں بھی خطرے سے دوچار ہیں۔انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اب تک لاکھوں کی تعداد میں کشمیری بچے بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہوچکے ہیں جبکہ لاکھوں بچے یتیم ہوچکے ہیں ان سب کا کیا قصور ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں زندگی و موت کا کھیل جاری ہے۔ پوری دنیا اس کی جارہیت کے خلاف سراپا احتجاج مگر وہ کسی کی سننے اور ماننے کو تیار نہیں ہے۔ غزہ میں خوراک کابحران ہے ، بجلی پانی اور ادویات کی شدید کمی ہے۔ ایسے میں ہمارا کام ابھی باقی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں