0

سپریم کورٹ بار کے زیر اہتمام سول ٹرائل کے موضوع پر تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

مظفرآباد (پی آئی ڈی) لیکچر و سیمینار کمیٹی سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آزادجموں وکشمیر کے زیر اہتمام سول ٹرائل کے موضوع پر ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ تربیتی ورکشاپ میں ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان ذوالفقار علی عباسی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ہے۔ تربیتی ورکشاپ میں ایڈووکیٹ جنرل آف آزادکشمیر مسعود اے شیخ، صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ، ایڈووکیٹ ضیغم افتخار، وائس چیئرمین بار کونسل سید ااشفاق کاظمی، سیکرٹری سنٹرل بار ایسوسی ایشن وقار عباسی ، صد ر ہائی کورٹ بار خالد مغل سمیت وکلاصاحبان اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان ذوالفقار علی عباسی نے کہاکہ وکلا ء ٹرائل کی پیچیدگیوں کو سمجھیں، وکلاء قوانین سے اشنائی حاصل کریں اور پیچیدہ کیسز میں کی تیاری اور کلائیٹ کی معاونت کے لیے انرجی صرف کریں۔پروفیشنلزم وکلا کی پہچان ہوتی ہے۔ وکالت کا پیشہ خدمت گاروں کا پیشہ ہے۔دکھی انسانیت کی داد رسی اور معاشرے کے پسے افراد کو انصا ف دلوانا بلاشبہ بڑا اعزاز ہوتاہے۔ ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے کہاکہ نوجوان وکلا کو سول ٹرائل سے متعلق قوانین کو پڑھ کر اور عرق ریزی کے بعد معاملہ متعلقہ عدالت یا فورم پر لے جانا چاہیے۔ وکلا ء کی فہم ہی کیس کی قسمت کا تعین کرتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ نوجوان وکلا عدالت کے اندر کے ماحول اور کمر ہ عدالت سے باہر کی حقیقتوں کو سمجھیں گے تو شہریوں کو انصاف دلانے میں آسانی ہوگی۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک اچھا وکیل ماہر نفسیات ہوتاہے۔ وکلا ء کو ٹرائل کے دوران مختلف طرز کی وقتی پیچیدگیوں کو بھی سمجھنا چاہیے۔ کلائنٹ کا کیس امانت ہوتی ہے۔ وکلاء کی لگن ہی انصاف پر مبنی فیصلہ کے لیے بنیاد فراہم کرتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ نوجوان وکلاء ٹریننگز اور ورکشاپس کا حصہ بنیں اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو وقت کی ضرورت کے مطابق پالش کریں تاں کہ معاشرہ میں انصاف کا بول بالا ہوسکے، کلائنٹ کی معاونت ہوسکے اور قانون کے مطابق اور برابر انصا ف ہوسکے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر سپریم کورٹ بار راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ نے کہاکہ ورکشاپ کا مقصد نوجوان وکلا کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بڑھانا ہے۔ وکلا لگن کے ساتھ کام کریں اور آگے بڑھیں۔ انھوں نے کہاکہ وکلاء کے لیے سپریم کورٹ بار کا فورم ہمہ تن کوشاں رہتاہے کہ نوجوان وکلاء کو آغاز میں موثر ٹریننگز اور ورکشاپس کے مواقع فراہم کیے جائیں تاں کہ وہ پیشہ ورانہ مہارت حاصل کرسکیں۔ انھوں نے ایڈووکیٹ سپریم کورٹ ذوالفقار علی عباسی کا سپریم کورٹ بار آمد پر اور تربیتی لیکچر دینے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سپریم کورٹ بار نوجوان وکلا کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو موثر بنانے،نوجوان وکلا کی موثر تربیت کے لیے سیمینارز کا سلسلہ شروع کیے ہوئے ہے اس ضمن میں راولاکوٹ اور دیگر اضلاع میں بھی پاکستان کے نامور وکلاء کو مدعو کر کے نوجوان وکلا ء کو سیکھنے کا موقع فراہم کیا جاتاہے۔ تقریب کے اختتام پر صدر سپریم کورٹ بار راجہ سجاد احمد خان اور دیگر وکلا نے ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان ذوالفقار علی عباسی کو شیلڈ بھی پیش کی اور سپریم کورٹ بار آمد پر شکریہ بھی ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں