مظفر آباد (پی آئی ڈی )22فروری2025
ڈائریکٹر خوراک/سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی عبد الحمید کیانی کی زیر صدارت فیلڈ سٹاف محکمہ خوراک/ فوڈ اتھارٹی مظفر آباد کا اجلاس ہفتہ کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران عوام الناس کو معیاری آٹا کی بلاتعطل فراہمی اور اشیاء خوردونوش کی سخت پڑتال کیلئے حکمت عملی طے کی گئی۔ ڈائریکٹر خوراک نے فوڈ انسپکٹرز/ اسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسرز کو ہدایت کی کہ حکومت سبسڈائزڈ آٹا کی فراہمی کے لیے کثیر سبسڈی فراہم کرتی ہے جس کا حقیقی معنوں میں فائدہ عوام الناس تک پہنچانے کے لیے ضروری ہے کہ آٹا کی تیاری سے لیکر عوام الناس کو فراہمی تک کے پورے عمل کی موثر نگرانی کرتے ہوئے معیاری آٹا کی بلا تخصیص فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ نیز رمضان المبارک کے دوران انٹری پوائنٹس پر ناکے لگاتے ہوئے بیرون ریاست سے اشیاء خوردو نوش لانے والی گاڑیوں کی موثر چیکنگ کے علاوہ افطاری کیلئے تیار ہونے والی اشیاء خوردونوش کی خصوصی پڑتال بھی عمل میں لائی جائے ۔ علاوہ ازیں دیگر اشیاء خصوصاً آئل ، گھی ، مصالحہ جات اور بیکری آئٹمز کی چیکنگ پر فوکس کیا جائے ۔ ڈائریکٹر خوراک نے کہا کہ اس حوالہ سے کسی بھی تساہل کو صرف نظر نہ کیا جائے گا۔ فوڈ اتھارٹی کی موبائل لیبز جو Fully Equipped ہیں کو رمضان سے قبل تینوں ڈویژنز میں بھیج دیا جائے گا۔ جنہیں استعمال کرتے ہوئےمعزز عدالت العظمی کے احکامات نسبت فراہمی معیاری اشیاء خوردونوش پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
