مظفرآباد/سعودی عرب : آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ تارکین وطن کشمیریوں اور پاکستانیوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر اپنا جاندار موقف پیش کیا ہے، جہاں بھی کشمیریوں کے حقوق کی بات ہوئی ہے متحدہ عرب امارات نے کھل کر اس کی حمایت کی ہے۔ متحدہ عرب امارات کی پاکستان کے ساتھ دوستی لازوال ہے، تارکین وطن مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے میں اپنے حصے کا کردار ادا کریں۔ آج کشمیری عوام جس ظلم و بربریت کا شکار ہیں وہ قابل افسوس ہے، اوورسیز کشمیری ہندوستان میں ہونے والی بربریت کو دنیا پر عیاں کریں۔ بیرون ملک بسنے والے مسلم کانفرنسی کارکنوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے روزگار کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر کو بھی بین الاقوامی سطح پر اجاگر کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سعودی عرب میں مسلم کانفرنسی کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صدر مسلم کانفرنس نے او آئی سی پر زور دیا کے وہ کشمیر پر اپنا نمائندہ مقرر کرے کیونکہ جس طرح ہندوستان منکر ہو چکا ہے اور اس نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کر دی ہے تو او آئی سی مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کروانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کے ایجنڈے میں 1948ء سے شامل ہے اور 5 اگست 2019ء میں ہندوستان کی جانب سے غیر آئینی طور پر مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی سلامتی کونسل کے ادارے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں بصورت دیگر جنوبی ایشیاء کاامن خطرے میں پڑ سکتا ہے۔
