سیکرٹری ڈیزاسٹر مینجمنٹ و سول ڈیفنس محترمہ تہذیب النساء کی زیر صدارت ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 آزاد جموں و کشمیر کے انتظامی امور کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر انتظامیہ نعمان شفیق، ڈائریکٹر ریسکیو 1122 معظم ظفر، تمام اضلاع سے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، فائر اینڈ ریسکیو افسران، اور دیگر متعلقہ اہلکاران نے شرکت کی۔اجلاس میں ریسکیو 1122 کی مجموعی کارکردگی، ادارے کو درپیش مسائل اور مستقبل کے لیے استعدادِ کار بڑھانے کے جامع لائحہ عمل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ آفیسران نے فیلڈ میں پیش آنے والی مشکلات، محدود وسائل، تربیت کی کمی، اور جدید آلات کی ضرورت جیسے مسائل سے آگاہ کیا۔سیکرٹری ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ ریسکیو خدمات کو مزید مؤثر بنانے اور عوام کو فوری امداد فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ سیکرٹری ڈیزاسٹر مینجمنٹ و سول ڈیفنس نے تمام افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض کو خدمتِ خلق کے جذبے سے ادا کریں، اور ہر ممکن کوشش کریں کہ ایمرجنسی حالات میں قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ریسکیو 1122 کو ایک جدید اور باصلاحیت ادارہ بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل