مظفر آباد (نمائندہ خصوصی): کمشنر مظفر آباد ڈویژن چوہدری گفتار حسین اور ڈپٹی کمشنر مظفر آباد در فاروق نے محکمہ مال ضلع مظفر آباد کے ریٹائرڈ ملازمین کے اعزاز میں منعقدہ پروقار تقریب میں شرکت کی اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب میں ریٹائر ہونے والے ملازمین کو ان کی طویل، ایماندارانہ اور فرض شناسانہ خدمات پر تعریفی سرٹیفکیٹس اور شیلڈز سے نوازا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر گفتار حسین نے کہا کہ محکمہ مال کے افسران و اہلکار حکومت اور عوام کے درمیان ایک اہم رابطہ ہوتے ہیں، اور ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے ریٹائرڈ ملازمین کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے افراد ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
ڈپٹی کمشنر در فاروق نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریٹائرمنٹ ایک نئے سفر کا آغاز ہے، اور ہم دعا گو ہیں کہ یہ تمام ساتھی اپنی زندگی کا یہ نیا مرحلہ خوشیوں اور صحت کے ساتھ گزاریں۔
تقریب میں محکمہ مال کے افسران، عملہ، معزز شہریوں اور ریٹائرڈ ملازمین کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی۔ اختتام پر ریٹائرڈ ملازمین نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے ادارے کی جانب سے اس اعزاز کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔