ایڈووکیٹ مرزا نواز جرال کے بہیمانہ قتل کے خلاف آزاد کشمیر بھر میں وکلاء برادری سراپا احتجاج بن گئی۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے تمام وکلاء تنظیموں نے عدالتی امور کا مکمل بائیکاٹ کیا جس کی وجہ سے عدالتوں میں آج سناٹا رہا۔
ڈسٹرکٹ بار باغ کے وکلاء نے اس دلخراش واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرزا نواز جرال ایک سینئر اور باوقار وکیل تھے جن کا قتل قابلِ مذمت اور ناقابلِ برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج ان کے قتل پر سوگ منا رہے ہیں ۔
ڈسٹرکٹ بار جہلم کےوکلاء کا کہنا تھا کہ جب وکلاء خود محفوظ نہ ہوں تو قانون کی حکمرانی کیسے ممکن ہے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ حکومت آزاد کشمیر فوری طور پر قاتلوں کو گرفتار کرے اور وکلاء کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات اور قانون سازی کرے تاکہ ایسے افسوسناک واقعات کا تدارک کیا جا سکے۔
آزاد کشمیر بار کونسل کی اپیل پر جہلم ویلی میں بھی وکلاء نے تمام عدالتی کارروائیوں کا ب مکمل بائیکاٹ کیا۔ واضح رہے کہ ایڈووکیٹ مرزا نواز جرال، جو سپریم کورٹ کے سینئر وکیل تھے، کو گزشتہ روز بھمبر میں شرپسند عناصر نے فائرنگ کا نشانہ بنا کر شہید کر دیا تھا