اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ دنیا بھر، خصوصاً برطانیہ میں مقیم کشمیری بھارت کے فسطائی چہرے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت کا جھوٹ بے نقاب ہو چکا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ بھارت کی مکروہ چالوں کو دنیا کے سامنے لایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوانِ صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں اپنے دیرینہ ساتھی و سابق اوورسیز مشیر چوہدری شعبان سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر صدر ریاست نے چوہدری شعبان کو ہدایت کی کہ وہ برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کو متحد و متحرک کریں تاکہ عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں اُجاگر کیا جا سکے۔
صدر آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ بھارت گزشتہ سات دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر مظالم ڈھا رہا ہے اور 5 اگست 2019 کے بعد سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے کشمیریوں کے حقوق سلب کیے جا رہے ہیں۔ عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حق خودارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم کشمیریوں نے ماضی میں بھی مسئلہ کشمیر کو جاندار انداز میں اجاگر کیا اور اب انہیں دوبارہ ایک ہو کر بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور بربریت کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی۔
ملاقات کے دوران چوہدری شعبان نے میرپور میں رٹھوعہ ہریام برج کے کام میں تیزی، پارکنگ پلازہ کی تعمیر اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر اوورسیز کشمیریوں کی جانب سے صدر ریاست کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور دیگر اہم امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔