ڈیلی پرل ویو.مظٍفرآباد: بھارتی جارحیت کیخلاف آزاد کشمیر کے عوام سڑکوں پر نکل آئے، آزاد کشمیر کے عوام کی بڑی تعداد نے مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کیا، آزاد کشمیر پاکستان اور مسلح افواج کے حق میں نعروں سے گونج اٹھا، ریلیوں میں بھارت اور مودی کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی، دفاعی ماہرین کے مطابق پاکستان اور آزاد کشمیر کی عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں۔
پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے دوران بھارتی جارحیت کے خلاف آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں زبردست عوامی ردعمل سامنے آیا ہے۔ ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور پاک فوج کے حق میں بھرپور مظاہرے کئے جبکہ بھارت اور نریندر مودی کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ریلیوں میں شریک مظاہرین نے ”کشمیر کی آزادی تک جنگ رہے گی“، ”حافظ تیری نظر سری نگر“ اور ”سری نگر بنے گا پاکستان“ جیسے فلک شگاف نعرے لگا کر بھارتی جارحیت کے خلاف اپنے جذبات کا بھرپور اظہار کیا۔ آزاد کشمیر کی فضا پاکستان، کشمیر اور مسلح افواج کے حق میں نعروں سے گونج اٹھی۔
مظاہروں کے دوران عوام کی بڑی تعداد نے پاکستانی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاک فوج سے مکمل یکجہتی کا اعلان کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ ہر قسم کی بھارتی مہم جوئی کا مقابلہ کرنے کے لئے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
