راولاکوٹ (ڈیلی پرل ویو) – بھارتی افواج کی حالیہ بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں شہید اور زخمی ہونے والے شہریوں کے ورثاء کو حکومت آزادجموں وکشمیر کی جانب سے امدادی چیک فراہم کیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر پونچھ عمر فاروق نے سرکاری سطح پر متاثرہ خاندانوں کو یہ امدادی چیکس پیش کیے۔ اس موقع پر انہوں نے شہداء اور زخمیوں کے اہلِ خانہ سے اظہارِ ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آزادکشمیر متاثرین کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے اور ہر سطح پر ان کی مدد و بحالی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر عمر فاروق نے بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے خطے کے امن کو سنگین خطرات لاحق ہو چکے ہیں، اور حکومت اس صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔