ڈیلی پرل ویو – نکیال سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے قریب بھارتی جارحیت کے نتیجے میں پھینکے گئے بموں کو محکمہ شہری دفاع کے سکواڈ نے کامیاب کارروائی کے بعد ناکارہ بنا دیا۔ ان بموں کو آبادی والے علاقوں کے نزدیک پھینکا گیا تھا، جس سے بڑے جانی و مالی نقصان کا خطرہ تھا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق، شہری دفاع کا عملہ فوری طور پر متحرک ہوا اور بم ڈسپوزل یونٹ نے خطرناک مواد کو مکمل احتیاط سے ناکارہ بنایا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس کا خاتمہ ہوا اور شہریوں نے سکون کا سانس لیا۔
مقامی افراد نے شہری دفاع کے اہلکاروں کو جرت و بہادری پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مشکل کی ہر گھڑی میں یہ اہلکار عوام کے محافظ بن کر سامنے آئے ہیں۔
مزید بموں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر علاقے کی کڑی نگرانی جاری ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ مشکوک اشیاء کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔