ڈیلی پرل ویو – وزیر امور منگلا ڈیم و منگلا ڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی چوہدری قاسم مجید نے کہا ہے کہ پاک فوج دنیا کی بہترین اور پروفیشنل افواج میں شمار ہوتی ہے، جس نے ایک بار پھر اپنی صلاحیت، جرات اور ایمان افروز کامیابی سے پوری دنیا کو حیران کر دیا ہے۔
انہوں نے اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل حافظ سید عاصم منیر کی قیادت میں دشمن بھارت کو بنیان مرصوص آپریشن کے ذریعے جو دندان شکن جواب دیا گیا ہے، وہ فتح مبین کی ایک عظیم مثال بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈرونز دہلی کی فضاؤں میں 5 گھنٹے تک اڑتے رہے اور بھارت کا تمام جنگی نظام مفلوج ہو کر رہ گیا، جس سے دشمن پر اللہ کی نصرت اور غیبی مدد واضح ہو گئی۔
وزیر موصوف نے کہا کہ “کشمیر کا بچہ بچہ پاک فوج کی عظمت کو سلام پیش کرتا ہے” اور قوم کو اس تاریخی کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج نے کبھی کسی ملک کے خلاف جارحیت نہیں کی، لیکن دفاع وطن کی صورت میں جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے، جو اس بار بھارت کے غرور کو خاک میں ملانے کی صورت میں نظر آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ “ہمیں اپنی مسلح افواج کے ایک ایک سپاہی سے لے کر آرمی چیف تک پر ناز ہے، جنہوں نے دنیا کو دکھا دیا کہ پاکستان ناقابل تسخیر ہے”۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف عسکری میدان میں ایک بڑی پیش رفت ہے بلکہ اسلامی تاریخ میں سنت رسول ﷺ کے مطابق دفاعی حکمت عملی کی کامیاب مثال بھی ہے، جس پر پوری قوم اللہ کا شکر ادا کرتی ہے۔