بزدل بھارت کو پاک فوج نے کرارا جواب دے کر معصوم شہداء کا بدلہ لے لیا وزیر بحالیات آزاد کشمیر جاوید اقبال بڈھانوی 0

بزدل بھارت کو پاک فوج نے کرارا جواب دے کر معصوم شہداء کا بدلہ لے لیا وزیر بحالیات آزاد کشمیر جاوید اقبال بڈھانوی

ڈیلی پرل ویو – آزاد کشمیر کے وزیر بحالیات جاوید اقبال بڈھانوی، ن لیگ کے سینئر رہنما ملک نواز خان، اور ممبر کشمیر کونسل ملک حنیف نے کہا ہے کہ بزدل بھارت کو پاک فوج نے کرارا جواب دے کر معصوم شہداء کا بدلہ لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے نہتے شہریوں پر حملہ کرکے اپنی بزدلی کا ثبوت دیا، مگر شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔

یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کوٹلی میں ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے زخمی ہونے والے شہریوں کی عیادت کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میجر ریٹائرڈ ناصر رفیق، ایم ایس ڈاکٹر سردار نصر اللہ خان، اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری طارق داؤد، چوہدری قربان ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔

جاوید اقبال بڈھانوی نے کہا کہ رات کی تاریکی میں معصوم شہریوں پر حملہ کر کے دشمن نے اپنی کمزوری اور بزدلی ظاہر کر دی، جس کا پاک فضائیہ اور زمینی افواج نے دلیرانہ جواب دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج نے بھارت کو ایسا سبق دیا ہے کہ آئندہ وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کا بچہ بچہ پاک فوج کے ساتھ ہے اور ہمیں اپنی بہادر افواج پر فخر ہے۔ ملک نواز خان اور ملک حنیف نے کہا کہ پاک فوج کی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں دنیا کے لیے مثال بن چکی ہیں، اور ہماری قوم اس وقت یک جان ہے، دشمن کو ہر محاذ پر شکست دینے کے لیے تیار ہے۔

وزیر بحالیات نے زخمیوں کے لیے بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی اور موقع پر موجود ایم ایس ڈاکٹر نصر اللہ خان کو ہدایت دی کہ زخمیوں کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ وہ وقت دور نہیں جب پاک فوج سری نگر میں نعرہ تکبیر بلند کرے گی اور کشمیر آزاد ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں