ڈیلی پرل ویو – الخدمت فاؤنڈیشن آزاد کشمیر کے صدر کرنل ریٹائرڈ ظفر رشید عباسی نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت سے متاثرہ شہریوں کی مدد کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن پاک فوج، ضلعی انتظامیہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ساتھ مل کر ہمہ جہت امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔
اسلام آباد میں امدادی اقدامات سے متعلق ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر الخدمت فاؤنڈیشن نے کہا کہ تنظیم نے آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں کنٹرول رومز قائم کیے ہیں تاکہ امدادی کاموں کو مربوط اور مؤثر طریقے سے انجام دیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ فاؤنڈیشن نے زندگی بچانے والی ادویات، ایمبولینسز اور میڈیکل یونٹس متاثرہ علاقوں میں روانہ کر دی ہیں جبکہ الخدمت کے رضاکار ضلعی انتظامیہ کے ڈسپوزل پر کام کر رہے ہیں۔
متاثرہ علاقے اور نقل مکانی
کرنل ظفر رشید عباسی نے کہا کہ بھارتی گولہ باری سے کھوئی رٹہ، تتہ پانی، تیتری نوٹ، عباس پور، حویلی، باغ، چکوٹھی، لیپہ، نیلم اپر اور نیلم لوئر کے علاقوں میں شدید متاثرہ آبادیوں کی نقل مکانی شروع ہو چکی ہے۔
ضلع حویلی سے نقل مکانی کر کے باغ آنے والے متاثرین میں الخدمت فاؤنڈیشن نے کھانا، کپڑے، جوتے اور ادویات تقسیم کیں۔ ناڑ شیر علی خان سکول باغ کو ریلیف سینٹر میں تبدیل کر کے متاثرہ خاندانوں کو پکا پکایا کھانا، طبی امداد اور دیگر بنیادی اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں۔
امدادی اقدامات کی تفصیل
تمام اضلاع میں ریجنل کنٹرول رومز قائم
ایمبولینسز، میڈیکل ہیلتھ یونٹس اور Life-saving ادویات کی فراہمی
مقامی نظم اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کوآرڈینیشن
رضاکاران کو فعال اور منظم کر دیا گیا ہے
کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے تیاری مکمل
کرنل ظفر رشید عباسی نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن، ملکی سالمیت اور انسانی خدمت کے جذبے کے تحت پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نازک صورتحال میں الخدمت فاؤنڈیشن کا ہر کارکن، ہر متاثرہ خاندان کی مدد کے لیے پرعزم ہے۔