ڈیلی پرل ویو.میرپور (نمائندہ خصوصی) آزادکشمیر میں فلاحی منصوبے کے تحت 82 مستحق خاندانوں کو نئے تعمیر شدہ گھر فراہم کر دیے گئے۔ مظفرآباد اور پونچھ ڈویژنز کے بعد میرپور ڈویژن میں بھی منصوبہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔ اس موقع پر میرپور کے ایک مقامی ہوٹل میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں مستحق بیوگان کو گھروں کی چابیاں دی گئیں۔
وزیر حکومت چوہدری یاسر سلطان مہمان خصوصی
تقریب کے مہمان خصوصی وزیر فزیکل پلاننگ چوہدری یاسر سلطان تھے۔ تقریب میں شریک دیگر معزز مہمانوں میں:
چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا
مئیر میونسپل کارپوریشن چوہدری عثمان علی خالد
ڈپٹی مئیر محمد رمضان چغتائی
سابق چیف جسٹس محمد اعظم خان
پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمان، پروفیسر چوہدری ظہیر
چیئرمین زکواة کونسل چوہدری محمد صدیق
سابق چیئرمین ایم ڈی اے چوہدری محمد حنیف
مشیر صدر ریاست چوہدری امجد
ممتاز سماجی رہنما مبارک بسمل
سول سوسائٹی کے نمائندہ افراد شامل تھے۔
بیوگان کو چھت فراہم کرنا صرف تعمیر نہیں، خوابوں کی تعبیر ہے
وزیر حکومت چوہدری یاسر سلطان نے اپنے خطاب میں کہا کہ:
“یہ گھروں کی چابیاں صرف اینٹ اور پتھر نہیں بلکہ ان بیوگان کے خواب ہیں، جنہیں عزت کے ساتھ جینے کا حق ملا ہے۔”
انہوں نے فلاحی تنظیم کورٹ، چوہدری محمد اختر اور ان کی ٹیم، نیز ڈونرز کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر حکومت نے آئندہ بھی ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
کئی بیوگان آبدیدہ، برسوں بعد چھت ملنے پر اظہار تشکر
گھروں کی چابیاں وصول کرتے ہوئے کئی بیوگان جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آبدیدہ ہو گئیں۔ انہوں نے خوشی اور شکرگزاری کے جذبات کے ساتھ کہا:
“یہ ہمارے لیے کسی خواب کی تعبیر سے کم نہیں، برسوں بعد اپنی چھت ملی ہے۔”
فلاحی منصوبہ: مستقبل کی امید اور تحفظ کی ضمانت
اس فلاحی منصوبے سے نادار خاندانوں کو نہ صرف رہائش کی سہولت ملی ہے بلکہ ایک محفوظ اور باعزت زندگی گزارنے کا موقع بھی فراہم ہوا ہے۔ تقریب میں کورٹ کے سرپرست اعلیٰ چوہدری محمد اختر نے بتایا کہ:
منصوبے کا آغاز ڈیڑھ سال قبل 100 مستحق بیوگان کے لیے کیا گیا
اب تک 82 گھر مکمل کر کے سپرد کر دیے گئے
L.O.C پر متاثرہ خاندانوں کو فوڈ پیکج کی ترسیل آج سے شروع
فائرنگ سے متاثرہ گھروں کی تفصیل جمع کی جا رہی ہے
پاکستان میں 400 گھر پہلے ہی تعمیر کیے جا چکے
اب میرپور میں 500 بستروں کا جدید اسپتال بنانے جا رہے ہیں
بھارتی جارحیت پر افواج پاکستان کو خراج تحسین
تقریب کے آخر میں حالیہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاک افواج کی جرأت مندانہ حکمت عملی اور دفاعی اقدامات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ افواج پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔