ڈٰیلی پرل ویو:فتح پور تھکیالہ – وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے شہری آبادی اور املاک کو نشانہ بنانا قابل مذمت اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ متاثرہ سرکاری اداروں کو جلد از جلد اصل حالت میں بحال کیا جائے گا تاکہ عوام کی مشکلات کم ہو سکیں۔
وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے بھارتی شیلنگ کے شہداء کی قبروں پر حاضری دی اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی، جس کے بعد انہوں نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج فتح پور تھکیالہ اور تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال نکیال کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے شیلنگ سے متاثرہ مقامات کا جائزہ لیا۔
ہسپتال کی بحالی، بائیو میٹرک سسٹم اور 24 گھنٹے او پی ڈی کا اعلان
وزیراعظم نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کے ان حصوں کا معائنہ کیا جہاں شیلنگ کے دوران دو مارٹر شیلز گرے تھے۔ انہوں نے ہسپتال کی وارڈز کا دورہ کرتے ہوئے طبی سہولیات، بجٹ، بائیو میٹرک حاضری اور عملے کی موجودگی سے متعلق بریفنگ لی۔ اس موقع پر انہوں نے واضح ہدایت دی:
“پیر سے حاضری کا بائیو میٹرک سسٹم فوری فعال کیا جائے اور اسے وزیراعظم سیکرٹریٹ کے مانیٹرنگ سیل سے منسلک کیا جائے۔ ڈاکٹرز کی حاضری اور ذمہ داری کو یقینی بنایا جائے گا۔”
وزیراعظم نے مزید کہا کہ:
“ساڑھے آٹھ کروڑ روپے کے بجٹ میں تمام بنیادی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی، اور او پی ڈی سروس 24 گھنٹے دستیاب ہوگی۔ ڈیوٹی میں غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔”
عوامی خدمت اولین ترجیح
انہوں نے ڈاکٹرز اور عملے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ دور دراز علاقوں سے آنے والے مریضوں کے لیے حقیقی مسیحا بنیں۔ طبی آلات اور عملے کی کمی دور کرنے کی مکمل یقین دہانی بھی کرائی گئی۔
وزراء اور ضلعی افسران کی شرکت
وزیراعظم کے ہمراہ موسٹ سینئر وزیر وقار احمد نور، وزیر صحت ڈاکٹر نثار انصر ابدالی، وزیر بحالیات جاوید بڈھانوی، ڈی ایچ او، ایم ایس اور اے سی نکیال سیماب اسلم بھی موجود تھے۔