مظفرآباد (ڈیلی پرل ویو) — حکومت پاکستان نے حالیہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے شہریوں کے ورثاء اور زخمی افراد کے لیے 532.000 ملین روپے کی خطیر رقم حکومت آزاد کشمیر کو فراہم کر دی ہے۔ اس امدادی پیکج کے تحت شہداء کے ورثاء کو فی کس ایک کروڑ روپے جبکہ شدید زخمیوں کو 20 لاکھ اور دیگر زخمیوں کو 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
آزادکشمیر حکومت کی جانب سے اضافی امداد پہلے ہی جاری
سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (SDMA) کے مطابق یہ امدادی رقم، حکومت آزادکشمیر کی جانب سے پہلے دی گئی مالی معاونت کے علاوہ ہے۔ حکومت آزاد کشمیر پہلے ہی شہداء کے ورثاء کو 10 لاکھ فی کس، معذور ہونے والے افراد کو 8 لاکھ، شدید زخمیوں کو 3 لاکھ اور معمولی زخمیوں کو 50 ہزار روپے فی کس ادا کر چکی ہے۔
گھر گھر جا کر معاوضہ جات کی ادائیگی مکمل
حکومت آزادکشمیر نے متاثرہ خاندانوں کو گھر گھر جا کر معاوضہ جات ادا کیے تاکہ متاثرین کو بروقت اور براہ راست ریلیف پہنچایا جا سکے۔ متاثرہ شہریوں اور ان کے خاندانوں نے اس عمل کو سراہا۔
متاثرہ گھروں اور کاروباروں کے نقصان کے تعین کے لیے کمیٹیاں تشکیل
بھارتی فائرنگ سے متاثر ہونے والے مکانات، کاروباری مراکز اور دکانوں کے نقصانات کے تعین کے لیے حکومت آزاد کشمیر نے جائزہ کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔ یہ کمیٹیاں موقع پر معائنہ کر کے رپورٹس مرتب کریں گی، جن کی روشنی میں مزید مالی معاونت کی ادائیگی عمل میں لائی جائے گی۔