پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے زیر اہتمام سیزفائر لائن کے قریب یوم تشکر ریلی، گورنر پنجاب سمیت اعلیٰ قیادت کی شرکت 0

پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے زیر اہتمام سیزفائر لائن کے قریب یوم تشکر ریلی، گورنر پنجاب سمیت اعلیٰ قیادت کی شرکت

عباسپور (ڈیلی پرل ویو) — افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور بھارت کے خلاف آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر (عباسپور) کے زیر اہتمام سیزفائر لائن کے قریب ایک عظیم الشان یوم تشکر ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں پارٹی کی مرکزی و علاقائی قیادت اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ریلی سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یسین، سابق صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان، سابق قائم مقام وزیراعظم چوہدری پرویز اشرف، وزراء، مشیران، اور پیپلز پارٹی کے دیگر اہم قائدین نے خطاب کیا۔

آپریشن بنیان المرصوص: پاک فوج نے بھارت کو تاریخ ساز شکست دی، گورنر پنجاب
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ:

“آپریشن بنیان المرصوص نے دشمن بھارت پر پاک فوج کی ہیبت طاری کر دی۔ ہماری بہادر افواج نے پاکستان کی جغرافیائی سالمیت کا جس جرأت و بہادری سے دفاع کیا، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔”

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بھارت نریندر مودی پاکستان کو مرعوب ریاست بنانا چاہتے تھے، مگر پاکستان نے قائداعظم اور علامہ اقبال کے افکار کے مطابق علاقائی بالادستی کو مسترد کر دیا۔

گورنر پنجاب نے کنٹرول لائن کے متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہادر لوگ ہیں جنہوں نے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ بھارتی جارحیت کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کی خصوصی ہدایت پر متاثرینِ ایل او سی کے لیے وفاقی حکومت نے خصوصی مالی پیکج جاری کیا ہے۔

چوہدری یسین: افواج پاکستان نے پیشہ ورانہ مہارت کا لوہا منوایا
پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یسین نے کہا:

“آپریشن بنیان المرصوص نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے، اور پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ نے ایسی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا جس کی مثال نہیں ملتی۔”

انہوں نے گورنر پنجاب کو آزاد کشمیر آمد پر خوش آمدید کہا اور صدر پاکستان کے اعلان کردہ پیکج پر شکریہ ادا کیا۔

سردار امجد یوسف: حلقہ عباسپور نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں
پیپلز پارٹی کے امیدوار اسمبلی سردار امجد یوسف نے کہا کہ:

“پورے آزاد کشمیر میں حلقہ عباسپور نے سب سے زیادہ شہادتیں دیں۔ یہاں کے عوام پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔”

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وفاقی وسائل کو ذاتی پسند و ناپسند کی بنیاد پر استعمال کیا گیا تو عوامی ردعمل شدید ہوگا۔

دیگر قائدین کے اظہارِ خیال
سردار ضیاء القمر نے کہا کہ پاک فوج کی فتح نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے اور مودی کو عبرتناک شکست ہوئی ہے۔

نبیلہ ایوب نے کہا کہ بنیان المرصوص نے قوم کو یکجا کیا اور بھارت کو عالمی سطح پر رسوا کیا۔

سردار عابد حسین عابد نے گورنر پنجاب کو خوش آمدید کہا اور پاک فضائیہ کے کردار کو سراہا۔

سردار سعود صادق نے کہا کہ پیپلز پارٹی متاثرینِ ایل او سی کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

عزم، یکجہتی اور فتح کا پیغام
یوم تشکر ریلی میں شریک قائدین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی قومی دفاع، شہداء کی قربانیوں کے احترام، اور متاثرین کنٹرول لائن کی بحالی میں ہمیشہ صفِ اول میں رہی ہے اور رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں