اسلام آباد (ڈیلی پرل ویو) — صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے کی مجموعی سیاسی صورتحال، پاک بھارت حالیہ کشیدگی اور مسئلہ کشمیر کے حل سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بھارتی جنگی جارحیت کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دے کر دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے۔ بھارت نے لائن آف کنٹرول کے اس پار اندھا دھند فائرنگ کے ذریعے نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا، جو ایک بزدلانہ اقدام ہے اور قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے جس پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور عزم کے ساتھ وطن کا دفاع کیا ہے، اس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ بیرسٹر سلطان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری اس مسئلے کے بنیادی فریق ہیں اور انہیں مذاکراتی عمل میں شامل کیے بغیر دیرپا امن ممکن نہیں۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی سیر حاصل گفتگو کی، جب کہ باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔