مظفرآباد (ڈیلی پرل ویو) —آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی نے عوام کو مضر صحت اور غیر معیاری اشیائے خوردونوش سے محفوظ رکھنے کے لیے ملاوٹ مافیا کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا ہے۔ جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق فوڈ اتھارٹی نے معروف اشیائے خوردونوش تیار کرنے والی کمپنی Pak Kashmir Foods کی متعدد مصنوعات کو غیر تسلی بخش اور مضر صحت قرار دیتے ہوئے تین لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ہے، جبکہ آزاد کشمیر بھر میں ان مصنوعات کی فروخت پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
متاثرہ پراڈکٹس میں Meethi Khushi Nimko، Chipser Spicy، Ho Ho Snacks، Goli Fit، Chatpatti اور Chatpatti Ringi شامل ہیں، جنہیں لیبارٹری رپورٹ کی بنیاد پر انسانی صحت کے لیے خطرناک قرار دیا گیا۔
فوڈ اتھارٹی نے نائب ناظم خوراک / فوڈ سیفٹی آفیسر مظفرآباد ڈویژن کو ہدایت جاری کی ہے کہ مذکورہ کمپنی کی مصنوعات کے مینوفیکچرنگ، پیکنگ، لیبلنگ، اجزائے ترکیبی اور ٹرانسپورٹیشن سے متعلق جامع رپورٹ فوری طور پر ارسال کی جائے۔
مزید برآں، فوڈ اتھارٹی ٹیم مظفرآباد نے کارروائی کرتے ہوئے ٹاہلی منڈی مظفرآباد میں واقع کوئٹہ کراچی کیفے کو دودھ میں Skim Milk پاؤڈر کی ملاوٹ ثابت ہونے پر سیل کر دیا ہے۔ کیفے کے مالکان کے خلاف ضابطے کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
اس موقع پر سیکرٹری خوراک / وائس چیئرمین آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ:
“عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے بلاامتیاز اور مسلسل کارروائیاں جاری رہیں گی۔ اس معاملے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا نرمی برداشت نہیں کی جائے گی۔”