جہلم ویلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے خلاف شدید احتجاج 0

جہلم ویلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے خلاف شدید احتجاج

مظفرآباد /جہلم ویلی(ڈیلی پرل ویو) ریاست بھر سمیت جہلم ویلی میں سینکڑوں پڑھے لکھے، باشعور اور پرعزم نوجوانوں نے محکمہ صحت میں جاری میرٹ کشی، اقرباء پروری، اور غیر قانونی بھرتیوں کے خلاف شدید احتجاج۔نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد شاہراہ سرینگر مکمل طور پر بلاک کر دی گئی، حکومت مخالف فلک شگاف نعرے،“جعلی تقرریاں نامنظور!”،“ساڈا حق اتھے رکھ!”قیادت سید زیشان حیدر نے کی۔گزشتہ روز جہلم ویلی میں ایک بھرپور اور تاریخی احتجاج کیا گیا جس میں سینکڑوں تعلیم یافتہ نوجوانوں، وکلاء، صحافیوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے محکمہ صحت میں ہونے والی غیر شفاف، غیر قانونی اور سیاسی بنیادوں پر کی گئی بھرتیوں کے خلاف آواز بلند کی۔ مظاہرین نے شاہراہ سرینگر کو پرامن طور پر بند کر کے فلک شگاف نعرے بلند کیے جن میں میرٹ کی بحالی، جعلی تقرریوں کی واپسی، اور عدلیہ کے فیصلوں پر عملدرآمد کے مطالبات شامل تھے۔احتجاج کی قیادت معروف نوجوان رہنما سید ذیشان حیدر نے کی جنہوں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت جیسے حساس ادارے میں سیاسی اقرباء پروری اور بندر بانٹ نہ صرف گورننس کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے بلکہ عوام کی صحت اور زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن نوجوانوں نے اعلیٰ تعلیم حاصل کی، سخت مقابلے کا سامنا کیا اور زندگی کے کئی سال محنت میں گزارے، انہیں نظر انداز کرنا صرف ناانصافی نہیں بلکہ جرم ہے۔سید ذیشان حیدر نے آزاد کشمیر ہائی کورٹ کے حالیہ فیصلوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عدلیہ نے عوامی اُمنگوں کی ترجمانی کی ہے اور ہم عدلیہ کے ان اقدامات کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے حکومت کو ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر اس غیر قانونی اور سیاسی طور پر تشکیل دی گئی کمیٹی کو تحلیل نہ کیا گیا، اور بھرتیوں کا عمل شفافیت و میرٹ کے اصولوں کے مطابق ازسرِ نو نہ چلا، تو احتجاج کا دائرہ کار پورے آزاد کشمیر تک وسیع کیا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ میرٹ صرف ایک اصول نہیں بلکہ ایک قوم کی بقاء، ترقی اور انصاف کی بنیاد ہے۔ جب اداروں میں میرٹ کو پامال کیا جاتا ہے تو اس کا اثر صرف بھرتی کے متاثرین پر نہیں بلکہ پورے نظام پر پڑتا ہے۔ نااہل افراد کے تقرر سے نہ صرف ادارے تباہ ہوتے ہیں بلکہ عوام کا اعتماد بھی ختم ہو جاتا ہے۔یہ احتجاج نہ صرف جہلم ویلی کے نوجوانوں کا حق ہے بلکہ پورے آزاد کشمیر کے اُن تمام نوجوانوں کی نمائندگی کرتا ہے جو اپنی صلاحیت اور محنت سے اپنا مستقبل بنانا چاہتے ہیں لیکن انہیں سیاسی رکاوٹیں اور اقرباء پروری آگے بڑھنے سے روکتی ہے۔آخر میں سید ذیشان حیدر نے کہا کہ یہ تحریک میرٹ، انصاف، ادارہ جاتی شفافیت، اور نوجوانوں کے حق کے لیے ہے۔ یہ ایک وقتی احتجاج نہیں بلکہ ایک اصولی جنگ ہے، جسے ہر اُس شخص کو لڑنا ہوگا جو آزاد کشمیر میں میرٹ کی بالادستی چاہتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں