ڈیلی پرل ویو.وادی نیلم سمیت آزاد کشمیر بھر میں محکمہ شاہرات (PWD) کے غیر جریدہ ملازمین نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے کام چھوڑ ہڑتال کر دی ہے۔ ہڑتالی ملازمین نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس اٹھمقام کے سامنے احتجاجی دھرنا دے رکھا ہے، جس میں بڑی تعداد میں ٹیکنکل اسٹاف، آپریٹرز، ہیلپرز، ڈرائیورز، ایڈہاک اور کنٹریکٹ ملازمین شریک ہیں۔
احتجاجی مظاہرے میں فلک شگاف نعرے بازی کرتے ہوئے ملازمین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کے چارٹر آف ڈیمانڈ کو فی الفور منظور کیا جائے۔ ملازمین کا کہنا تھا کہ ایڈہاک اور کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا جائے، ان کے سکیلز کو اپ گریڈ کیا جائے، میرٹ پر تقرریاں اور ترقیابیاں کی جائیں، اور پنشن اصلاحات کے نام پر جو مراعات ختم کی جا رہی ہیں، ان کا سلسلہ روکا جائے۔
چارٹر آف ڈیمانڈ میں ہارڈ ایریا الاؤنس کی بحالی بھی شامل ہے، جو کہ برفانی طوفانوں، سیلابوں اور سرحدی فائرنگ و گولہ باری جیسے خطرناک حالات میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کا بنیادی حق قرار دیا جا رہا ہے۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ شاہرات کے ورکرز شدید موسمی اور جغرافیائی خطرات میں اپنی ڈیوٹی انجام دیتے ہیں، مگر ان کے ساتھ بدترین معاشی استحصال کیا جا رہا ہے۔ مقررین نے واضح کیا کہ جب تک ملازمین کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، احتجاجی دھرنا جاری رہے گا۔
پی ڈبلیو ڈی ورکرز ایسوسی ایشن نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر مذاکرات کا آغاز نہ کیا تو آئندہ مرحلے میں اسلام آباد نیشنل اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔