ڈیلی پرل ویو.کمشنرمیرپور ڈویژن چوہدری مختار حسین نے کہاہے کہ ڈویژن میرپور کو صاف ستھرا اور مثالی بنانے لئے ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنا ہوگا جس کے لئے میونسپل کمیٹیوں،دیگر اداروں اور ڈونرز کے باہمی اشتراک سے ہر ضلع میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پراجیکٹ بنائے جائیں اور کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے سے ری سائیکلنگ پلانٹ لگائے جائیں تاکہ ماحولیاتی آلودگی کے بڑھتے ہوئے رجحان کا خاتمہ کیا جاسکے۔ سرکاری و پرائیویٹ ہسپتال کا کوڑا کرکٹ کو تلف کرنے کا معقول انتظام کیا جائے۔ شہروں میں روزانہ کا کوڑا کرکٹ جمع کرنے کے لئے ڈور ٹو ڈور ڈسٹ بن سروس شروع کی جائے اور مہذب معاشروں کے طور پر ہر گھر کو اس سروس کے استعمال کا پابند بنایا جائے۔ ڈور ٹو ڈور ڈسٹ بن سروسز نہ لینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ماحولیاتی آلودگی پیدا کرنے والے جملہ عوامل کا سدباب کیا جائے۔اینٹوں کے بھٹوں کو نئی ٹیکنالوجی پر منتقل کروایا جائے۔ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے مستقل بنیادوں پر عملی اقدامات کی ضرورت ہے اس حوالے سے معاشرے کے تمام مکاتب فکر کو بھی شامل کیا جائے اور ان میں صفائی و ستھرائی کے حوالے سے شعور بیدار کروایا جائے۔بطور شہری ہر شخص کو اپنے گھر،محلے،سڑک اور شہر میں گندگی پھیلانے والے عوامل کی حواصلہ شکنی کرنی چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژن میرپور میں ماحولیاتی آلودگی کو زائل کرنے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر میرپور یاسر ریاض،،ڈائریکٹر اسٹیٹ ایم ڈی ایچ اے ساجد اسلم، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن راجہ شیراز احمد خان،ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ پارکس ادارہ ترقیات کلیم احمد جرال،اسسٹنٹ کمشنر میرپور راجہ زاہد حسین خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات محسن محفوظ، انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک،مسلم ہینڈز کے ایگزیکٹو منیجر محمد سلیمان، مسلم ہینڈ کے پبلک ریلیشن آفیسر راجہ قمر عطا،سید نجم بلال کاظمی،احمد فراز نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنر کوٹلی میجر (ر) ناصر رفیق اور ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری حق نواز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی
