0

وزیر اطلاعات آزاد کشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ کا دودھنیال شیخ بیلہ میں مسجد “خاتم النبیین” کا افتتاح

شاردہ (نامہ نگار) وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے دودھنیال شیخ بیلہ میں تعمیر شدہ عظیم الشان جامع مسجد خاتم النبیین کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں وزیر اطلاعات کا شاندار اور پرتپاک استقبال کیا گیا، جس میں علمائے کرام، مقامی عمائدین، عوامی نمائندے اور شہری بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

تقریب میں خطیب جامع مسجد شیخ بیلہ عمرفاروق فاروقی، ممبر لوکل کونسلر اعجاز خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سید مبشر گیلانی، مولانا ریاض الحق، مفتی یاسین، مولانا اعجاز، مولانا شبیر، قاری بشیر کیل سیری، مولانا ممتاز صبہائی، مسلم کانفرنس شاردہ کے سیکرٹری جنرل ارشد ملنگی، اور پریس کلب شاردہ کے ممبران نے خصوصی شرکت کی۔

“مسجد مرکزِ اصلاح و اتحاد ہے” – پیر مظہر سعید شاہ
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے مسجد کی شاندار تعمیر پر مخیر حضرات، نگرانی کرنے والوں اور مزدوروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ:

“مساجد وہ عظیم مراکز ہیں جہاں سے سیاست، مشاورت، تعلیم، اور جہاد فی سبیل اللہ جیسے انقلابی فکری و عملی راستے نکلتے ہیں۔ نبی کریم ﷺ کے دور میں تمام قومی و اجتماعی فیصلے مساجد میں مشاورت کے ذریعے طے پاتے تھے۔”

انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کی آیت “بنیان مرصوص” کا عملی مظاہرہ پاکستانی و کشمیری قوم نے اپنی وحدت اور استقامت سے کیا ہے۔ انہوں نے عقیدہ ختم نبوت ﷺ کو امت مسلمہ کی نظریاتی سرحد قرار دیتے ہوئے اسے ناقابلِ تسخیر قلعہ قرار دیا۔

فوج اور قیادت کو خراجِ تحسین
وزیر اطلاعات نے اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ:

“اللہ رب العزت نے ان کے دل میں آپریشن بنیان مرصوص کی بصیرت ڈال کر قوم کو ایک نئی امید اور قیادت عطا کی۔”

انہوں نے پاکستان کی سرحدوں کے محافظین، شہداء اور غازیوں کو بھی عقیدت اور فخر کے جذبات سے خراجِ تحسین پیش کیا۔

علمائے کرام و شہریوں کی بھرپور شرکت
تقریب میں مفتی خطیب الرحمن، مفتی کریم اللہ، تحصیل مفتی یاسین سمیت وادی بھر کے معزز علمائے کرام، طلبہ اور عام شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تمام مقررین نے مسجد کی اہمیت، عقیدہ ختم نبوت ﷺ کی حفاظت، اور معاشرتی اصلاحات میں مساجد کے کردار پر روشنی ڈالی۔

ظہرانے کا اہتمام
تقریب کے اختتام پر وادی نیلم میں ایم ایس ایف کے نائب صدر ذوئیب منظور کی جانب سے وزیر اطلاعات کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، جس میں مقامی رہنماؤں، علما اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں