سدھنوتی چیف جسٹس عدالت العالیہ آزاد جموں و کشمیر جسٹس سردار لیاقت حسین کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سدھنوتی سردار ارباب اعظم نے ہمراہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سدھنوتی سید ممتاز کاظمی ڈسٹرکٹ جیل پلندری کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران جیل عمارت، قیدیوں کو میسر سہولیات، کھانے پینے، پانی، ہوا، صفائی اور دیگر بنیادی ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔معائنہ کے دوران اس امر پر زور دیا گیا کہ سزا یافتہ قیدیوں کو فوری طور پر سینٹرل جیل منتقل کیا جائے۔
اس ضمن میں متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔دورے میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ جیل سپرنٹنڈنٹ اور اسسٹنٹ جیل سپرنٹنڈنٹ کی آسامیاں کافی عرصے سے خالی چلی آ رہی ہیں جبکہ کچھ ملازمین کو راولاکوٹ میں تعینات کیا گیا جس پر تشویش کا اظہار رتے ہوئے کہا گیا کہ مستقل جیل سپرٹینڈنٹ کی تعیناتی کے بغیر جیل کا نظم و ضبط صحیح طریقہ سے نہیں چلایا جا سکتا۔
قیدیوں کی طرف سے کھانے پینے یا جیل عملہ سے متعلق کوئی شکایت موصول نہ ہوئی، تاہم شدید گرمی میں پنکھوں اور پانی کی قلت کا سامنا ہے، جس پر محکمہ تعمیرات عامہ کو پنکھوں کی تنصیب اور ٹینکروں کے ذریعے پانی کی فراہمی کی ہدایت کی گئی۔
جیل کی موجودہ عمارت جو کہ 2003 میں عارضی انتظام کے طور پر تعمیر کی گئی تھی قیدیوں کی تعداد میں اضافہ اور موجودہ دور کے لیے ناکافی قرار دیتے ہوئے زور دیا گیا کہ جیل کیلئے 109 کنال اراضی ایورڈ شدہ ہے اور جگہ کی کمی نہیں جس پر جلد از جلد جدید سہولیات سے آراستہ نئی جیل عمارت کی تعمیر کا لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔
تزئین و آرائش کے حالیہ کام کا بھی جائزہ لیا گیا، تاہم اسے قیدیوں کی ضروریات کے لیے ناکافی قرار دیا گیا تعمیراتی کام کی تحقیقات کا بھی فیصلہ ہوا کہ کتنا بجٹ مختص تھا اور اس کے مطابق کیا کام کیا گیا۔
اس دورے کی تفصیلاً رپورٹ مرتب کرتے ہوئے حکام بالا کو ارسال کی جائے گی حکام نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ قیدیوں کو انسانی حقوق کے دائرے میں بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی اور جیل کا ماحول قانون کے تقاضوں کے مطابق بنایا جائے گا۔