ڈیلی پرل ویو.وزیراطلاعات آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ ہندوستان اسرائیل گٹھ جوڑ دنیا میں انتشار اور بدامنی کا باعث ہے۔ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی وجہ سے پاکستان کا سر فخر سے بلندہوا،پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی لیکن مودی سرکار کو جوتے کھاکریہ بات سمجھ میں آئی کہ پاکستان اسکی سوچ سے بھی زیادہ مضبوط اور طاقتورہے ۔امن ہماری ترجیح ہے لیکن اسے ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے ، ہم اپنے وطن کے وقار اور سلامتی پر کبھی سمجھوتا نہیں کریں گے ۔آپریشن بنیان مرصوص نے ہندوستان کے غرور کے بت کو ملیامیٹ کر دیا ہے ، پاکستان نے ایک طرف ہندوستانی جنگی جنون کو خاک میں ملایا ہے اور دوسری جانب سے یہ بھی واضح کردیا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ملک ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک عوامی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہاکہ ااسرائیل اوراسکے اتحادیوں کی جانب سےایران اور مشرق وسطی کے ممالک پر جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستانی جارحیت کے دوران پاکستانی قوم نے جس یکجہتی، حوصلے اور جذبے کا مظاہرہ کیا وہ قابلِ تحسین ہے۔انہوں نے کہاکہ افواجِ پاکستان کا یہ غیر متزلزل عزم ہے کہ پاکستان کی سالمیت پر آنچ آئی تو ہر سپاہی آخری گولی اور آخری سانس تک لڑے گا۔ یہ عزم صرف فوج ہی نہیں بلکہ پوری قوم کی ترجمانی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے، اور اس کے عوام اور افواج ہمیشہ ہر قربانی کے لیے تیار ہیں۔

- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل