ہٹیاں بالا (ڈیلی پرل ویو)ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی محترمہ بینش جرال کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کے حوالے سے ضلعی سطح پر ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔
اجلاس میں ایس پی مرزا زاہد حسین، ضلعی انتظامیہ، پولیس افسران، ضلعی امن کمیٹی کے ارکان، انجمن تاجران اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بینش جرال نے ضلعی امن کمیٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمیٹی نے ہمیشہ ملی و دینی معاملات میں ضلعی انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن کمیٹی نہ صرف مساجد، جلسے جلوسوں اور مذہبی امور میں تعاون کرتی ہے بلکہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والے منفی اور غلط مواد کے تدارک میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے۔
محترمہ بینش جرال نے کہا کہ محرم الحرام کے مقدس مہینے کے تقدس اور امن و قانون کی پاسداری سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہم سب کو مل کر کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے بچاؤ کے لیے پیشگی اقدامات کرنے ہوں گے۔
اجلاس میں درج ذیل اہم فیصلے کیے گئے:
محرم الحرام کے دوران طے شدہ جلوس مقررہ روٹس اور مقررہ وقت پر نکالے جائیں گے۔
کسی نئے جلوس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مقررہ اصول و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔
منافرت پر مبنی تقاریر یا حرکات کی سختی سے ممانعت ہو گی۔
مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ کسی کو بھی قانون سے بالاتر سمجھا نہیں جائے گا اور ضابطے کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔