0

ڈپٹی کمشنر پونچھ سردار عمر فاروق کی زیر صدارت پولیس مجسٹریٹس کا ایک اہم اجلاس منعقد

ڈیلی پرل ویو.ڈپٹی کمشنر پونچھ سردار عمر فاروق کی زیر صدارت پولیس مجسٹریٹس کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سپرنٹنڈنٹ پولیس پونچھ محمد ریاض مغل سمیت انتظامیہ اور پولیس کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، ٹریفک مینجمنٹ، منشیات اور ناجائز اسلحہ کی روک تھام، نان کسٹمز پیڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائی، لائن آف کنٹرول سے متعلقہ امور سمیت دیگر اہم انتظامی معاملات زیر غور آئے۔ڈپٹی کمشنر سردار عمر فاروق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی سطح پر امن و امان برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے لیے پولیس اور مجسٹریسی نظام کو باہمی تعاون سے مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے اور نوجوان نسل کو اس ناسور سے بچانے کے لیے موثر حکمت عملی اختیار کی جائے۔ ناجائز اسلحہ کے خلاف کریک ڈاؤن کو تیز کیا جائے تاکہ جرائم کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ڈپٹی کمشنر نے ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے سڑکوں پر قانون کی عملداری یقینی بنانے، غیرقانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی اور ٹریفک اہلکاروں کی مؤثر ڈیوٹی کی ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لائن آف کنٹرول کے قریبی علاقوں میں سیکیورٹی کو مزید مستحکم کیا جائے اور وہاں کے شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے قریبی رابطہ رکھا جائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام مجسٹریٹس اور پولیس افسران اپنے اپنے علاقوں میں فعال کردار ادا کریں گے تاکہ عوام کو پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں