0

پٹھیالی میں پھنسے سیاحوں کو رات گئے بحفاظت ریسکیو

ڈیلی پرل ویو.پٹھیالی میں پھنسے سیاحوں کو رات گئے بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔ ریسکیو آپریشن رات اڑھائی بجے تک جاری رہا۔ گڑھی دوپٹہ کے علاقے میں کل شام شدید بارش کے باعث آنے والے اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں راستہ بند ہونے سے پھنسے 120 سے زائد افراد جن میں سیاح بھی شامل تھے کو ایک کامیاب اور بروقت ریسکیو آپریشن کے ذریعے بحفاظت نکال لیا گیا۔ یہ واقعہ شام 7 بجے کے بعد پیش آیا جب موسلا دھار بارش کے نتیجے میں بڑے بڑے پتھر اور ملبہ منگر نالہ کے اوپر آ گرا، جس کے باعث پٹھیالی روڈ مکمل طور پر بند ہو گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی () نے فوری طور پر ایک مشترکہ ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔ اس آپریشن میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122، ہائی وے ڈیپارٹمنٹ (C&W) ، مقامی رضاکاروں اور پاکستان آرمی نے بھرپور حصہ لیا۔ سڑک بند ہونے کیوجہ سے ریسکیو ٹیموں نے متبادل راستوں سے پیدل موقع تک رسائی حاصل کی۔ مقامی لوگوں نے نہ صرف متاثرہ افراد کو اپنے گھروں میں عارضی پناہ فراہم کی بلکہ ان کا سامان اٹھانے میں بھی مدد فراہم کی۔ یہ ریسکیو آپریشن رات 2 بج کر 30 منٹ تک جاری رہا، جس میں تمام پھنسے ہوئے افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان یا زخمی نہیں ہوا۔ریسکیو آپریشن میں ایمبولینسز، ڈیزاسٹر ریسپانس وہیکلز (DRV)، واٹر ریسکیو یونٹس اور بھاری مشینری مظفرآباد اور گڑھی دوپٹہ سے روانہ کی گئی۔ پاکستان آرمی کی شمولیت نے آپریشن کو مؤثر اور کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔متاثرہ سڑک اور انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام ہائی وے ڈیپارٹمنٹس کی نگرانی میں جاری ہے۔تمام اداروں کی بروقت کارروائی، مقامی کمیونٹی کی معاونت اور پاکستان آرمی کے فعال کردار کو عوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ ان کوششوں کے باعث ممکنہ بڑا نقصان ٹل گیا اور تمام افراد کی جانیں بچا لی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں