0

شجرکاری صدقہ جاریہ ہے، آئندہ نسلوں کے تحفظ کیلئے درخت لگانا ناگزیر ہے: کمشنر میرپور ڈویژن

ڈیلی پرل ویو ۔کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری مختار حسین نے کہا ہے کہ درخت لگانا صرف صدقہ جاریہ ہی نہیں بلکہ ماحولیاتی تحفظ کی اولین ذمہ داری بھی ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں اور بڑھتے ہوئے ماحولیاتی مسائل کی بنیادی وجہ درختوں کی بے دریغ کٹائی اور انفرادی و اجتماعی سطح پر درخت لگانے سے گریز ہے۔

وہ ہفتہ کے روز اسلام گڑھ میں اسسٹنٹ کمشنر آفس میں مون سون شجرکاری مہم کا افتتاح کر رہے تھے۔ اس موقع پر مختلف محکمہ جات، سیاسی و سماجی رہنماؤں، صحافیوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ہر فرد ایک درخت لگائے، قومی ذمہ داری کا ثبوت دے: چوہدری مختار حسین
کمشنر میرپور نے کہا کہ شہری موجودہ شجرکاری سیزن میں کم از کم ایک درخت ضرور لگائیں۔ دفاتر، گھروں، تعلیمی اداروں اور خالی جگہوں پر شجرکاری کو فروغ دیا جائے تاکہ آئندہ نسلوں کو ماحولیاتی بحران سے محفوظ رکھا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے آج اقدامات نہ کیے تو مستقبل میں شدید ماحولیاتی نقصانات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ درخت نہ صرف ماحول کو خوشگوار بناتے ہیں بلکہ صحت مند معاشرہ تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ڈویژن بھر میں مربوط شجرکاری منصوبہ تیار
چوہدری مختار حسین نے کہا کہ شجرکاری مہم کے لیے ڈویژن بھر میں ایک جامع منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جس میں محکمہ جنگلات، بلدیاتی ادارے اور سول سوسائٹی کے تمام طبقات کو شامل کیا گیا ہے۔ عوام کو مفت پودے فراہم کیے جائیں گے اور ان کی نگہداشت اور حفاظت کی بھی ذمہ داری دی جائے گی۔

مہم میں سول سوسائٹی، سیاسی و سماجی رہنماؤں کی بھرپور شرکت
تقریب میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایم ڈی ایچ اے چوہدری امجد اقبال، ڈی ایف او میرپور راجہ عمران شفیع، ایکسیئن الیکٹریسٹی خواجہ وقار، ایس ڈی او پبلک ہیلتھ میاں شمس، اسسٹنٹ کمشنر اسلام گڑھ سید یاسر آفتاب گردیزی، تحصیلدار راجہ آصف منیر، نائب تحصیلدار چوہدری محمد الطاف، قائم مقام چیئرمین میونسپل کمیٹی محمد اسحاق مغل، صدر انجمن تاجران الحاج محمد یونس فائقو، سابق ایڈمنسٹریٹر لالہ تصدق علی رفیقی، چوہدری طالب حسین، چوہدری امجد علی (صدر چنار پریس کلب)، پیپلز پارٹی رہنما محمود احمد قاضی، پروفیسر بلال احمد ڈار، کمانڈر محمد رفیق، اور دیگر علاقائی شخصیات نے شرکت کی۔

ماحول دوست اقدامات کی اشد ضرورت
شرکاء نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر شجرکاری ایک قومی مہم ہونی چاہیے۔ درخت لگانا عبادت سے کم نہیں، اور یہ مہم صرف محکمانہ ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کا فرض ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں