0

ہٹیاں بالا قہوہ فروش ذوالفقار کی دہائی، “زمین واپس دلوائی جائے، ورنہ خودکشی پر مجبور ہوں گے

ڈیلی پرل ویو.ہٹیاں بالا (نامہ نگار) کوٹلہ چناری سے تعلق رکھنے والے غریب قہوہ فروش سید ذوالفقار شاہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ایک بااثر شخص صابر گیلانی ولد نور عالم گیلانی نے ان کی ذاتی ملکیتی زمین پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے اور سنگین دھمکیاں دے رہا ہے۔ متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ اگر زمین واپس نہ دلائی گئی تو وہ خودکشی پر مجبور ہو جائے گا۔
ذوالفقار شاہ ایبٹ آباد میں قہوہ فروشی کرکے بمشکل اپنے اہلِ خانہ کا پیٹ پالتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صابر گیلانی نے ان سے دو کنال سات مرلہ زمین لیز پر حاصل کی تھی اور ماہانہ دس ہزار روپے کرایہ ادا کرنے کا معاہدہ کیا تھا، مگر صرف ابتدائی دو ماہ کرایہ ادا کرنے کے بعد صابر گیلانی نے رقم دینا بند کر دی اور زمین پر مکمل قبضہ جما لیا۔
ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال محکمہ مال، ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں اور مقامی پٹواری شفیق کی ملی بھگت سے ان کے نام پر جعلی بیعنامہ تیار کیا گیا اور زمین غیر قانونی طور پر صابر گیلانی کے نام منتقل کر دی گئی۔
ذوالفقار شاہ کا کہنا ہے کہ وہ ایک سادہ، ان پڑھ اور محنت کش انسان ہیں جنہیں قانونی معاملات کی زیادہ سمجھ نہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گرداور بشیر عباسی نے کاغذات تیار کروانے کے لیے 15 ہزار روپے لیے، مگر بعدازاں وہ بھی صابر گیلانی سے جا ملے اور جعلی دستاویزات تیار کروائیں۔
ذوالفقار شاہ کے مطابق عدالت کی جانب سے کمیشن مقرر کیے جانے کے باوجود، کمیشن موقع پر نہیں گیا بلکہ کسی اور زمین کی بنیاد پر فرضی رپورٹ تیار کرکے عدالت میں جمع کروا دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ صابر گیلانی کھلے عام دھمکیاں دیتا ہے کہ “تم میرا کچھ نہیں بگاڑ سکتے، پولیس، عدالت اور انتظامیہ سب میرے ساتھ ہیں۔ اگر میرے خلاف گئے تو تمہارے بچوں کو نقصان پہنچا دوں گا اور تمہیں جیل بھجوا دوں گا۔”
ذوالفقار شاہ کی بہنیں سیدہ مہرین کاظمی اور سیدہ نورین کاظمی نے بھی روتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ ہمارا بھائی ہی ہمارا واحد سہارا ہے، جو دن بھر محنت مزدوری کرکے ہمیں پال رہا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا اس ملک میں غریب ہونا جرم بن چکا ہے؟
انہوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی کہ ہمیں فوری انصاف فراہم کیا جائے، بصورت دیگر ہم اپنے بچوں سمیت ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے خودسوزی کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں