ڈیلی پرل ویو،میرپور (نامہ نگار) آزاد کشمیر کے وزیر فیزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ چوہدری یاسر سلطان نے کہا ہے کہ کھاڑک کے مسائل، جن میں پرائمری سکول کی اپ گریڈیشن و توسیع، عمارت، مالکانہ حقوق اور ہسپتال کے قیام کے معاملات شامل ہیں، ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ متاثرین منگلا ڈیم کے جملہ مسائل بھی بتدریج حل کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بات کھاڑک کے وفد کے ہمراہ کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری مختار حسین سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفد میں کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل بریڈفورڈ کے صدر چوہدری آصف علی عرف ڈی سی، ممتاز اوورسیز رہنما چوہدری یاسر گلزار بریڈفورڈ، ممبر ضلع کونسل چوہدری محمد مختار، چیئرمین یونین کونسل کھاڑک حاجی چوہدری محمد خلیل، وائس چیئرمین چوہدری شاہد رفیع، کونسلر چوہدری محمود، عمرزمان کونسلر، چوہدری محمد بشیر صدر اور چوہدری مہربان ریٹائرڈ تحصیلدار شامل تھے۔
وزیر حکومت چوہدری یاسر سلطان نے کمشنر میرپور ڈویژن کے ساتھ کھاڑک کے جملہ مسائل پر تفصیلی بات چیت کی۔ اس موقع پر کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری مختار حسین نے یقین دہانی کرائی کہ مسائل کے حل کے سلسلے میں بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔
چوہدری یاسر سلطان نے کہا کہ کھاڑک کے عوام کو درپیش تمام مسائل حل کرنے کے لیے حکومتی وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور اگر ضرورت پڑی تو وزیر اعظم آزاد کشمیر سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔